بلوچستان : زلزلے سے ہلاکتوں‌ کی تعداد 22 ہوگئی

بلوچستان میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلہ رات 3بج کر 2 منٹ پرآیا جس کی شدت 5.9 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔ کوئٹہ، سبی، چمن، زیارت، قلعہ عبدﷲ، ژوب، لورالائی، پشین، مسلم باغ اور دکی سمیت دیگرعلاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پاک فوج کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر ہرنائی پہنچ گیا جبکہ مقامی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ، اس سلسلے میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر ناصر کا کہنا ہے کہ ہرنائی پہاڑی علاقہ ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے تاہم ہرنائی کے متاثرہ علاقوں میں لیویز اور ریسکیو ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔آئی ایس پی آر کے آئی جی ایف سی بلوچستان بھی ہرنائی پہنچ گئے ہیں اور خود نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں جب کہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم راولپنڈی سے روانہ کردی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

Back to top button