بلوچستان میں ایف سی کی کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان نے بلوچستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی۔
جیسے ہی ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لیا ، دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی ، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں کمانڈر گل میر عرف پلین اور کلیم اللہ پلانی شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے سے اسلحہ اور گولہ بارود کے بڑے ذخائر برآمد ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے ۔ رواں ماہ کے آغاز میں بھی مسلح دہشتگردوں کے حملے میں دو ایف سی جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا ۔
5 ستمبر کو کوئٹہ کے علاقے مستونگ کی قومی شاہراہ میں فرنٹیئر کور چوکی کے قریب خودکش حملوں کے دوران 4 اہلکار شہید اور 21 زخمی ہوگئے تھے ۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔ اگست کے آغاز میں ، زرات ضلع میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 3 جوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے ۔
