بھارتی شہری پاکستانیوں بارے اتنے جاہل کیوں ہیں؟

معروف پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی شہری بھارتی فلم انڈسٹری اور فلمی اداکاروں سے متعلق بہت زیادہ معلومات رکھتے ہیں جبکہ بھارتیوں کو تو یہ تک معلوم نہیں کہ پاکستانی دال چاول کیسے کھاتے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق پورا پاکستان بالی وڈ دیکھ کر بڑا ہوا ہے، اس لیے پاکستانیوں کو بھارت میں ہونے والی ہر چیز کا علم ہے، وہ مکمل طور پر جانتے ہیں کہ بھارتی کیسا لباس پہنتے ہیں مگر ہندوستانیوں کو پاکستان سے متعلق کچھ پتا نہیں۔
اداکارہ نے ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ بھارتیوں کو یہ بھی علم نہیں کہ پاکستانی مرد کس طرح کی شلوار قمیض پہنتے ہیں، پاکستانی خواتین کس طرح اپنے بالوں کو باندھتی ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی عورتیں جانتی ہیں کہ بھارتی انداز میں بال کس طرح باندھے جاتے ہیں۔
صنم سعید کا کہنا تھا کہ تقریبا ًپورا پاکستان بولی وڈ فلمیں دیکھتا ہے اور ان ہی فلموں کی بدولت پاکستانی بھارت سے متعلق کئی باتیں جانتے ہیں، انہیں وہاں کی ثقافت، کھانے پینے کے انداز اور رسومات کا بھی علم ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ بہت سارے پاکستانیوں کے دادا اور پڑدادا بھی بھارتی فلمیں دیکھ دیکھ کر وہاں کے متعلق بہت ساری باتیں جانتے تھے۔ صنم سعید نے دلیل دی کہ پاکستانیوں کو مدھو بالا سے لے کر کرینہ کپور اور اب دپیکا پڈوکون تک کی اداکاراؤں سے متعلق ہر بات اور چیز کا علم ہے لیکن بھارتیوں کو پاکستان سے متعلق کوئی معلومات نہیں، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی یہ تک نہیں جانتے کہ پاکستانی کس طرح کے دال اور چاول کھاتے ہیں؟
صنم سعید کے مطابق کچھ سال قبل ’زی زندگی‘ چینل کھلنے کے بعد بھارتیوں نے پہلی بار پاکستانیوں سے متعلق چیزیں دیکھنا شروع کیں اور انہیں معلوم ہونے لگا کہ پاکستانی لوگ کس طرح لباس پہنتے ہیں، وہاں کی خواتین کیسی ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’زی زندگی‘ پر پاکستانی ڈرامے دیکھنے کے بعد بھارتی دنگ بھی رہ گئے اور انہیں پاکستان سے متعلق نئی چیزیں بھی دیکھنے کو ملیں لیکن بعد میں یہ سلسلہ بند ہوگیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثقافتی تعلقات پر بات کرتے ہوئے صنم سعید کا کہنا تھا کہ شروع میں جب دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے فنکاروں کے درمیان روابط کم ہوئے تو ہر کسی کو امید تھی کہ حالات جلد بہتر ہوجائیں گے لیکن اب ہر کسی نے امیدیں ختم کردیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ مسلسل سیاسی کشیدگیوں کی وجہ سے مسائل ہونے کے بعد اب دونوں ممالک کی شوبز انڈسٹری کی شخصیات نے امیدیں ختم کرکے اپنے اپنے طریقوں سے کام کرنا شروع کر دیا ہے اور اب دونوں ممالک کی شخصیات کی ایک دوسرےساتھ کام کرنے کی امیدیں بھی ختم ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ویب سیریز ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ میں جہاں پاکستانی اداکاراؤں نے کام کیا، وہیں اسے بھارتی پروڈیوسر نے بنایا اور ہدایت کار بھی وہیں کی تھیں، جس وجہ سے وہ بہترین ویب سیریز بنی اور اس نے عالمی ایوارڈز جیتے، صنم سعید کے مطابق ویب سیریز سے ثابت ہوتا ہے کہ جب دو مختلف ممالک کے بہترین ذہن اور لوگ آپس میں مل کر کام کرتے ہیں تو یقینی طور پر اچھی چیزیں بنتی ہیں۔
