بھارتی ماڈلز کی پاکستانی برانڈز میں انٹری سے مداح ناراض کیوں؟

پاکستانی برانڈز سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگئے ہیں، جس کی بڑی وجہ اشتہارات میں بھارتی اداکاروں کو کاسٹ کرنا ہے، حال ہی میں فائزہ ثقلین اور مشک کلاتھنگ برانڈ نے اپنی لان کی نئی ملبوسات کیلئے بھارتی اداکاراؤں و ماڈلز کی خدمات حاصل کی تھیں، مشک کی جانب سے سونم باجوہ جب کہ فائزہ ثقلین کی جانب سے ماڈل و اداکارہ پلک تیواری کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ سونم باجوہ کے ساتھ پاکستانی اداکار احسن خان کو بھی اشتہارات میں لیا گیا تھا اور بعض مداحوں نے ان کی جوڑی کو پسند بھی کیا تاہم پلک تیواری کو لان کی ملبوسات کے لیے اشتہارات میں لینے پر کلاتھنگ برانڈ کو مداحوں نے تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ کیا پاکستانی ماڈلز و اداکارائیں کم پڑگئی تھیں کہ بھارتی ماڈلز کو لیا گیا؟ بعض افراد نے یہ بھی کمنٹس کیے کہ پلک تیواری کسی طرح ہانی عامر، یمنیٰ زیدی اور عائزہ خان جتنی خوبصورت نہیں ہیں، اسی طرح بعض مداحوں نے کمنٹس کیے کہ بھارتی برانڈز یا بولی وڈ کے لوگ پاکستانی اداکاروں اور ماڈلز کی خدمات نہیں لیتے، صرف پاکستانی برانڈز بھارتی ماڈلز کو کام دیتے ہیں جہاں زیادہ تر افراد نے بھارتی ماڈلز سے اشتہارات کروانے پر ناراضگی کا اظہار کیا، وہیں کچھ افراد نے بھارتی اداکاراؤں کے فوٹوشوٹ کی تعریفیں بھی کیں۔پاکستانی اداکار احسن خان اور بھارتی پنجابی اداکارہ سونم باجوہ کی فیشن میگزین کے لیے کروائے گئے فوٹو شوٹ کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں، دونوں اداکاروں نے فیشن میگزین ’’دیوا‘‘ جبکہ پاکستانی کلاتھنگ برانڈ ’’مشک‘‘ کے لیے فوٹوشوٹ کروایا، جس کی تصاویراور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے دونوں کے ایک ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔احسن خان اور سونم باجوہ نے پاکستان اور بھارت کے بجائے یورپی ملک میں فوٹوشوٹ کروایا اور دونوں کی ایک ساتھ کار میں بنائی گئی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔دونوں کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو میں سونم باجوہ نے احسن خان کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا جب کہ پاکستانی اداکار نے بھی بھارتی اداکارہ کی تعریفیں کیں۔سونم باجوہ اگرچہ بھارتی پنجابی اداکارہ ہیں، تاہم انہوں نے چند بالی وڈ فلموں میں کام کرنے کے علاوہ ہندی ڈراموں میں بھی کام کیا ہے اور پاکستان میں ان کے کافی مداح موجود ہیں۔

Back to top button