بھارت میں ابتدائی علاج کے بعد سنجے دت کے امریکا جانے کی اطلاعات

بالی ووڈ سنجو بابا کو تیسرے یا چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں جس کے بعد ان کی اہلیہ منائتا دت نے چند روز قبل بھارت میں علاج شروع کرانے کی تصدیق کی تھی۔
تاہم اب اطلاعات ہیں کہ سنجے دت نے امریکا کا ویزا حاصل کرلیا ہے اور جلد علاج کےلیے روانہ ہوں گے۔ گزشتہ دنوں میں بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ بھارت کے شہر ممبئی کے اسپتال میں سنجے دت کی کیموتھراپی شروع ہونے کے امکانات ہیں۔ اور انہیں لیلاوتی اسپتال اور کوکیلا بین اسپتال جاتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔ جس کے بعد ان کی اہلیہ منائتا دت نے سنجے دت کی گھر سے کوکیلا بین اسپتال روانگی کی بعد بھارت میں علاج شروع کروانے کی تصدیق کی تھی۔
مڈ ڈے کی حالیہ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سنجے دت نے طبی بنیادوں پر 5 سال کےلیے امریکا کا کا ویزا حاصل کرلیا ہے اور میموریل سلون کیٹیرنگ کینسر سینٹر میں علاج کرانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ 1980 سے 1981 کے درمیان اسی اسپتال میں ان کی والدہ نرگس دت بھی لبلبے(pancreatic) کے کینسر کے علاج کےلیے داخل ہوئی تھیں۔ میموریل سلون کیٹیرنگ کینسر سینٹر سے بالی ووڈ کے دیگر اداکاروں بشمول رشی کپور، منیشا کوئرالہ اور سونالی بیندرے نے بھی علاج کرایا تھا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ سنجے دت نے بیماری کا علم ہونے کے بعد امریکا کے ویزا کےلیے درخواست دی تھی تاہم 1993 میں بمبئی دھماکوں میں سزا یافتہ ہونےکی وجہ سے انہیں کلیئرنس حاصل میں مسائل پیش آرہے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ سنجے دت کے ایک دوست نے کلیئرنس حاصل کرنے میں مدد کی۔
مڈڈے کی رپورٹ کے مطابق خوش قسمتی سے سنجے دت کے ایک قریبی دوست طبی بنیادوں پر 5 سال کےلیے ویزا حاصل کرنے میں مدد کی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی جانب سے علاج کےلیے مانیتا اور پریا کے ہمراہ نیویارک جانے کا امکان ہے جہاں وہ میموریل سلون کیٹیرنگ کینسر سینٹر سے علاج کروائیں گے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سنجے دت کی بیٹی تریشالا بھی نیویارک میں رہتی ہیں۔ ساتھ ہی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اگر امریکا جانے کا بندوبست نہ ہونے کی صورت میں سنجے دت سنگاپور جانے پر غور کررہے تھے۔ ہر چیز بہت آسانی سے ہوئی اور توقع ہے کہ سنجے دت جلد از جلد امریکا روانہ ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ سنجے دت کو 8 اگست کے دن سانس لینے کی شکایت پر ممبئی کے نجی لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور 2 روز بعد 10 اگست کو انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔ اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے ایک دن بعد 11 اگست کو 61 سالہ اداکار نے اعلان کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے فلمی صنعت سے کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں اور مداحوں کو فکر مند ہونے یا غیر ضروری اطلاعات پھیلانے کی ضرورت نہیں۔
جس کے بعد اسی روز بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور کینسر تیسرے اسٹیج پر ہے اور وہ علاج کےلیے جلد امریکا روانہ ہوجائیں گے۔
ان کی بیماری کے حوالے سے اہلیہ منائتا دت کا بھی بیان سامنے آیا تھا تاہم سنجے یا منائتا دت میں سے کسی نے بھی اداکاار کو کینسر کا مرض لاحق ہونے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی۔ سنجے دت کی بیماری کی خبروں کے بعد رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو سنجے دت کے گھر سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اداکار سنجے دت نے حال ہی میں 61 ویں سالگرہ منائی تھی اور مستقبل قریب میں وہ سڑک 2، بھوج اور تربوز نامی فلموں میں نظر آئیں گے جبکہ ان کی فلم کے جی ایف ٹو کی شوٹنگ بھی جاری تھی۔
جس کے بعد ان کی فلم کے جی ایف ٹو کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کارتھک گوڈا نے بتایا تھا کہ سنجے دت ‘3 ماہ بعد’ فلم مکمل کریں گے۔ دوسری جانب ان کی فلم ‘ سڑک 2’کا ٹریلر بھی ریلیز ہوچکا ہے جس نے ناکامی کا نیا اعزاز اپنے نام کرلیا اور اس کے ٹریلر کی ویڈیو بھارت میں ناپسند کی جانے والی یوٹیوب کی پہلی ویڈیو بن گئی۔
علاوہ ازیں سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیونکہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے اور ان کی فلموں پر مجموعی طور پر فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں۔
