بھارت نے پاکستان کو فتح کیلئے 267 رنز کا ہدف دیدیا

ایشیا کپ میں گروپ اے کے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کےلیے 267 رنز کا ہدف دے دیا، بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے بیٹنگ جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی نے بولنگ سے میچ کا آغاز کیا۔میچ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، اس وقت بھارت کے 4 اعشاریہ 2 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 15 رنز بنا لیے تھے۔ بارش رکنے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو شاہین آفریدی نے فوراً ہی پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے بھارتی کپتان کو 11 رنز پر بولڈ کردیا۔شاہین آفریدی نے اننگ کے 5 ویں اوور میں 15 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ حاصل کی۔
اننگ کے 6 اعشاریہ 3 اوور میں شاہین آفریدی نے 27 رنز پر بھارت کی دوسری وکٹ بھی حاصل کی جب انہوں نے ویرات کوہلی کو 4 رنز پر بولڈ کیا۔بھارت کی تیسری وکٹ حارث رؤف نے 48 رنز پر حاصل کی جب انہوں نے شریاس ایئر کو 14رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔شبمن گل اور ایشان کشن نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 66 کے مجموعے پر گل کو حارث رؤف نے بولڈ کردیا، انہوں نے 10 رنز بنائے۔
اس کے بعد پانچویں وکٹ پر ایشان کشن اور ہاردیک پانڈیا نے اپنی ٹیم کےلیے ریسکیو عمل شروع کیا اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 150 کا ہندسہ عبور کروایا۔ایشان کشن نے اپنے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود ہاردیک پانڈیا نے بھی ففٹی بنالی۔حارث رؤف نے بلآخر 38ویں اوور میں اس خطرناک پارٹنرشپ کو ایشان کشن کو کیچ آؤٹ کروا کر توڑا۔ کشن نے 81 گیندوں پر 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
انکے بعد شاہین آفریدی نے اپنے آٹھویں اوور میں پہلے ہاردیک پانڈیا اور پھر ریندرا جاڈیجا کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔ ہاردیک پانڈیا نے دباؤ کے باوجود 87 رنز کی زبردست اننگز کھیلی جبکہ رویندرا جاڈیجا نے 14 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر کو کیچ آؤٹ کروا کر بھارت کے بڑے ٹوٹل کی جانب سفر کو بریک لگادی۔اختتامی لمحات میں جسپریت بومرا نے 16 رنز بنا کر ٹیم کو 266 کے مجموعے تک پہنچا دیا۔ 49ویں اوور میں نسیم شاہ نے پہلے کلدیپ یادیو اور پھر جسپریت بومرا کو کیچ آؤٹ کروایا۔
پاکستان کی جانب سے تمام 10 وکٹیں فاسٹ بولرز نے لیں۔ شاہین آفریدی 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔خیال رہے کہ پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔اس موقع پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا تھا کہ اچھا اسکور کر کے پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے۔
