بھارت کو پاکستان میں پراکسیز کے ذریعے دہشتگردی کروانے سے باز آنا ہوگا: صدر زرداری

مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں، قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی قومی تاریخ میں یادگار مقام رکھتا ہے اور یہ دن یاد دلاتا ہے کہ قوم متحد ہو تو کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1965ء میں پاک افواج کے بہادر سپوتوں نے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ انہوں نے مسلح افواج کے شہدا، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو قوم کی جانب سے سلام پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا نے اپنے خون سے تاریخ میں شجاعت اور حب الوطنی کی داستانیں رقم کیں، جبکہ ان کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ 1965ء میں مسلح افواج اور قوم کا اتحاد اجتماعی قوت کا مظہر تھا۔ 6 ستمبر کا یہی جذبہ آپریشن بنیان مرصوص میں بھی نمایاں ہوا، جبکہ معرکۂ حق کی فتح 6 ستمبر کے جذبۂ حب الوطنی کا تسلسل ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ معرکۂ حق نے پاکستان کی قومی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم کیا۔ یہ غیر معمولی کامیابی مسلح افواج کی مہارت، عزم اور بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے اور مسلح افواج و عوام کے مضبوط رشتے کی بھی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ مکہ معاہدہ اجتماعی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کا مظہر ہے۔ ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

مسئلہ کشمیر اور بھارت کی پالیسی

صدر زرداری نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ بھارت کو پاکستان میں اپنی پراکسیز کے ذریعے دہشتگردی کروانے سے باز آنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹس گواہ ہیں کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو بیرونی سرپرستی حاصل ہے، جبکہ بھارت اور طالبان رجیم کے درمیان گٹھ جوڑ اب کوئی راز نہیں رہا۔

مضبوط دفاع، معاشی استحکام اور سیاسی رواداری

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم آج بھی اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مضبوط دفاع کے ساتھ معاشی استحکام اور سیاسی رواداری ملکی طاقت کی بنیادی اساس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر آنے والی نسلوں کے لیے روشن، خوشحال اور محفوظ پاکستان بنانے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ آج ہم پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے ہر قیمت پر دفاع کا عزم دہراتے ہیں اور قائداعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک خوشحال ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Back to top button