وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو شہیدوں کے شہر لاڑکانہ آمد پر خوش آمدید، بلاول بھٹو

برداشت، احترام اور مل جل کر رہنے کی سیاست کی طرف واپس آنا ہوگا، بلاول بھٹو؛ جمہوریت کا حسن سیاست اور اظہارِ رائے کی آزادی ہے، سہیل آفریدی

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے دورے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شہیدوں کے شہر لاڑکانہ آمد پر خوش آمدید کہا ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں آخرکار برداشت، احترام اور مل جل کر رہنے کی سیاست کی طرف واپس آنا ہوگا، کیونکہ یہی کسی بھی جمہوریت کی بنیاد ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ بلاول صاحب، جمہوریت کا یہی حسن ہے کہ سیاست اور اظہارِ رائے کی آزادی ہو اور عدلیہ آزاد ہو، جبکہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ خودمختار ہو، صحافت آزاد ہو اور عوامی مینڈیٹ کے برعکس چور دروازوں کا استعمال بند کرنا ہوگا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ان شاء اللہ اب میرپورخاص اور پھر عمرکوٹ میں پورے پاکستان کو بانی پی ٹی آئی کے دیوانے نظر آئیں گے، جبکہ کل حیدرآباد اور کراچی میں بھی عوامی سمندر ہوگا۔

Back to top button