بیرسٹرگوہرکاعمران خان اوربشریٰ بی بی کی صحت پرتشویش کااظہار

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کاکہناہے کہ اڈیالہ جیل میں قیدبانی تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی خرابی صحت پرسخت تشویش ہے۔
بیرسٹرگوہر کااڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکتوبر سے ہم ہر ہفتے ملاقات کے لیے آتے ہیں لیکن ملاقاتیں نہیں ہونے دی جا رہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے خیر خواہ ملاقاتوں میں خلل نہیں ڈالتے، ملاقاتیں ہوں گی تو معرکہ حق کی خوشی کو چار چاند لگ جائیں گے، معرکہ حق کی فتح افواج پاکستان کی قربانیوں اور قوم کی یکجہتی سے ممکن ہوئی، معرکہ حق نے پاکستان کے دفاع کی بنیادیں مضبوط کیں، معرکہ حق نے پاکستان کے وقار میں نئی جان ڈالی، معرکہ حق نے خطے میں طاقت کے توازن کا از سر نو تعین کیا۔
بیرسٹرگوہرنےمزید کہا کہ قوم کی یکجہتی اور افواج کی قربانی سے ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی، دشمن اب پاکستان پر حملہ آور ہونے سے قبل دس بار سوچے گا، دشمن کے خلاف ہم کل بھی اکٹھے تھے آج بھی اکٹھے ہیں، بانی کی رہائی ایک پیچیدہ اور سنجیدہ مسئلہ ہے۔
چیئرمین تحریک ا نصاف نے کہا کہ ملک بند گلی میں جا چکا ہے ریاست کے تین آرگن ایک ہو چکے ہیں، میڈیا پیکا اور معاشی مسائل کی وجہ سے بحران کا شکار ہے، عدلیہ ایک سال سے بانی اور بشریٰ کے کیسز کی معطلی کی اپیلیں نہیں سن رہی، سزا معطلی کی اپیل سنے بغیر علیہ مرکزی اپیلوں میں گئی، القادر کیس کی مرکزی اپیلوں پر ایڈورس فیصلہ آنے سے ملک مزید بند گلی میں چلا جائے گا۔
بیرسٹرگوہرنےکہاکہ عمران خا کو عوام سے الگ نہیں کیا جا سکتا، عدلیہ سے درخواست ہے چاہے سپریم کورٹ یا آئینی عدالت بانی کی اپیلوں کو سنے لیکن آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کریں، عدلیہ سے درخواست ہے مزید پیچیدگیاں پیدا نہ کریں، اگر مزید ناموافق فیصلے آ گئے تو اسے مزید نقصان ہوگا۔
