بی وائی ڈی کی چھوٹی الیکٹرک گاڑی کا جاپان میں بڑا منصوبہ، ’کی کار‘ مارکیٹ پر نظریں

چینی کمپنی نے جاپان کی مقبول لائٹ کار مارکیٹ میں داخل ہونے کے لیے نئی برقی گاڑی متعارف کرا دی

جاپان (نیوز ڈیسک) چینی الیکٹرک گاڑیوں کی بڑی کمپنی بی وائی ڈی نے جاپان کی چھوٹی گاڑیوں کی مقبول مارکیٹ میں جگہ بنانے کے لیے نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے اپنی مخصوص الیکٹرک ’کی کار‘ متعارف کرا دی ہے۔

جاپان میں کئی سال سے کاروباری کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرنے والی بی وائی ڈی کے لیے یہ مارکیٹ اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم کمپنی کو امید ہے کہ اس کی نئی چھوٹی برقی گاڑی ’ریکو‘ جاپانی صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔

جاپان ٹائمز کے مطابق جولائی میں متعارف کرائی گئی ’ریکو‘ کا نام جاپانی زبان میں سمندری جانور ’اوٹر‘ کے لیے استعمال ہونے والے لفظ سے لیا گیا ہے۔ یہ گاڑی جاپان کی مقبول ’کی جیدوشا‘ یعنی لائٹ کار کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔

جاپان میں ’کی کار‘ آٹو مارکیٹ کا ایک منفرد حصہ سمجھی جاتی ہے۔ ان گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ لمبائی 3.4 میٹر اور چوڑائی 1.48 میٹر تک ہوتی ہے، جبکہ ان کے لیے ٹیکس اور انشورنس کے الگ قوانین بھی موجود ہیں۔

چھوٹا حجم، کم اخراجات اور شہری علاقوں میں آسان استعمال کی وجہ سے یہ گاڑیاں جاپانی صارفین میں خاصی مقبول ہیں۔

بی وائی ڈی کی نئی گاڑی کی ابتدائی قیمت 21 لاکھ 45 ہزار ین مقرر کی گئی ہے، جو تقریباً 13 ہزار امریکی ڈالر بنتی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس قیمت میں صارفین کو مناسب سہولیات اور بہتر ڈرائیونگ رینج فراہم کی جائے گی۔

Back to top button