سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل کے امراض سے موت کا خطرہ کم کرسکتی ہے، تحقیق

روزمرہ زندگی میں معمولی جسمانی سرگرمی سے قلبی بیماریوں کے خطرات میں نمایاں کمی دیکھی گئی

(نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزمرہ معمولات میں سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل اور خون کی شریانوں سے متعلق بیماریوں سے موت کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کرسکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق جو افراد باقاعدگی سے سیڑھیاں چڑھتے ہیں، ان میں دل کے امراض کے باعث موت کا خطرہ سیڑھیاں نہ چڑھنے والوں کے مقابلے میں 39 فیصد کم پایا گیا، جبکہ کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 24 فیصد کم دیکھا گیا۔

محققین نے تقریباً 1900 مطالعات کا جائزہ لینے کے بعد 9 تحقیقات میں شامل 4 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا، جن کی صحت کا اوسطاً 14 سال تک جائزہ لیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سیڑھیاں چڑھنے والے افراد میں ہارٹ اٹیک، فالج اور ہارٹ فیل ہونے سمیت دیگر بڑے قلبی امراض کا خطرہ بھی کم دیکھا گیا۔

ماہرین کے مطابق روزانہ تقریباً 6 فلائٹس سیڑھیاں چڑھنا صحت کے لیے خاص طور پر فائدہ مند قرار دیا گیا ہے، تاہم محققین کا کہنا ہے کہ تھوڑی مقدار میں جسمانی سرگرمی بھی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔

ماہرین نے کہا کہ سیڑھیاں چڑھنا ایک آسان اور کم خرچ جسمانی سرگرمی ہے جسے روزمرہ زندگی میں بغیر اضافی وقت نکالے ورزش کے طور پر شامل کیا جاسکتا ہے۔

تاہم محققین کے مطابق یہ تحقیق مشاہداتی نوعیت کی ہے، اس لیے اس سے براہ راست وجہ اور اثر کا حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔

Back to top button