تاجکستان بزنس فورم کے دوران عمران خان تنقید کی زد میں

وزیراعظم عمران خان کو تاجکستان میں بزنس فورم کے اجلاس کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا ۔تفصیلات کے مطابق، گزشتہ روز دوشنبے میں پاکستان تاجکستان مشترکہ بزنس فورم کا آغازہوا جس سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کیا۔
وزیر اعظم عمران خان کے بزنس فورم سے اجلاس کے بعد وہاں موجود ایک بزنس مین کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان پبلک سیکٹر کے بچوں کو اسکالر شپ دے رہی ہے لیکن یہ اسکالر شپ پرائیویٹ سیکٹر کے بچوں کو نہیں دی جارہیں، میری مشیرِ تجارت و سرمایہ کاری رزاق داؤد اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سے گزارش ہے کہ وہ اس پر بھی غور کریں ۔
بعد ازاں بزنس مین نے ایک شعر سناتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کہہ رہا ہے کہ کچھ اپنے بھی دل پر زخم کھاؤ، میرے لہو کی بہار کب تک،مجھے سہارا بنانے والوں میں لڑکھڑایا تو کیا کروگے۔
جس کے بعد مذکورہ بزنس مین کا کہنا تھا کہ ’آخر میں عمران خان صاحب آپ کے لیے ایک شعر ہے اتنے ظالم نہ بنو ،عمران بھائی آپ کے لیے ۔آپ تو اب ایک قیدی ہوگئے، جب کنٹینر پر تھے تو زبردست تھے ۔ اب تو پتہ نہیں کن کے چکروں میں آپ آگئے ہیں۔ وہ کہتا ہے کہ اتنے ظالم نہ بنو کچھ تو مروت ہی سیکھو ۔‘
شاعر کی جانب سے تنقیدی شعر و شاعری کرنے کے دوران رزاق داؤد نے ہاتھ کے اشارے سے مذکورہ شاعر کو روکنے کی کوشش کی اس موقع پر سرکاری ٹی وی کی آواز بند کردی گئی۔
بعد ازاں عمران خان نے کہا کہ سوال و جواب میں بزنس کی باتیں کریں، شعر و شاعری بعد میں ہوگی۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر تاجکستان پر گئے ہوئے ہیں ۔
