تحریک انصاف میں سازش کرنے والی بڑی شخصیت کا انکشاف

پاکستان تحریک انصاف میں بڑی سازشی شخصیت کے بے نقاب ہونے کے بارے میں انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو خفیہ طور پر رپورٹ موصول ہوئی کہ ایک شخص اپنے کام سیدھے کررہا ہے اور اتحادیوں سے کچھ اور بات کرتا ہے ‘وزیراعظم کو کچھ اور بتاتا ہے۔اتحادیوں کے تمام تر مطالبات کو تسلیم کرکے واپس آجاتے ہیں۔
ذرائع نے شخصیت کے حوالے سے اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شخصیت پارلیمنٹ سے باہر ہے تاہم کوئی سرکاری عہدہ بھی نہیں رکھتی۔ گندم اور چینی کے بحران کے تانے بانے بھی اسی شخصیت سے جا ملتے ہیں۔ وزیراعظم کو رپورٹ موصول ہوئی کہ یہ شخصیت پنجاب اسمبلی میں گروپنگ میں ملوث ہے۔ جو وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تبدیل کرنے کے مشورے بھی دے رہے تھے ۔
ذرائع نے کہا کہ شیخ رشید نے بھی اس شخص کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں سازشیں ہو رہی ہیں۔ ابتداء میں وزیراعظم نے شیخ رشید کی بات کا برا منایا تاہم وزیراعظم کے بہت قریبی ذرائع نے بھی اس شخصیت کی سازش کی تصدیق کی۔ جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ایف آئی اے کو تحقیقات کرنے کی ہدایت دی تھی
ذرائع کا کہنا تھا کہ بعدازاں اتحادیوں سے مذاکرات کےلیے کمیٹیوں میں بھی تبدیلیاں کی گئیں۔ اسد عمر کو کنویئیر مقرر کردیا گیا جو ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے ساتھ معاملات کو حل کریں گے جب کہ کچھ کمیٹیوں کا کنوینئر وزیر دفاع پرویز خٹک کو بنایا گیا ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ وزیراعظم اب تحریک انصاف کے لوگوں کی بات سنیں گے اور اتحادیوں سے زیادہ موثر طریقے سے بات چیت کر سکیں گے ۔
