آزاد کشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی عوامی حمایت کم ہو رہی ہے: رانا ثنا اللہ

 

 

 

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی عوامی حمایت مسلسل کم ہوتی جارہی ہے،جب کہ آزاد کشمیر کے عوام پاکستان سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ ان کا رشتہ مضبوط ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و امان خراب کرنے والے عناصر کی کسی کو حمایت نہیں کرنی چاہیے۔

سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے بائیکاٹ سے انتخابی عمل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیوں کہ انتخابات آئین اور قانون کے مطابق اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور عوام بھرپور انداز میں اس میں حصہ لے رہے ہیں۔آزاد کشمیر کے عوام انتخابات کے حوالے سے پرجوش ہیں اور ہر حلقے میں امیدواروں کی تعداد ڈبل فیگر میں ہے،جس سے واضح ہوتا ہےکہ انتخابی سرگرمیاں پوری شدت سے جاری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بائیکاٹ کا اعلان کرنے والوں کے پاس انتخابات میں حصہ لینے کےلیے امیدوار بھی موجود نہیں،اس لیے ان کے فیصلے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے۔جمہوریت میں تمام اختلافات کے باوجود انتخابات میں حصہ لینا ہی درست راستہ ہے۔کتنی ہی مشکلات کیوں نہ ہوں، سیاسی جماعتوں کو عوامی عدالت میں جانا چاہیے، کیوں کہ الیکشن کا بائیکاٹ ان عناصر کے مؤقف کو تقویت دیتا ہےجو انتخابات ہی نہیں چاہتے۔پی ٹی آئی نے بھی اسی مقصد کے تحت انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا،جو انتہائی نامناسب اقدام ہے۔

اسحاق ڈار کا نواسہ غیر ملکی خواتین کے اغوااور ریپ پر گرفتار

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان نے آزاد کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کےلیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان کشمیر کےلیے تین جنگیں لڑچکا ہے، جب کہ حالیہ معرکۂ حق میں بھی افواج پاکستان نے اپنی جانوں کی قربانیاں دےکر آزاد کشمیر کا دفاع کیا اور بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کو پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان محبت کا رشتہ پسند نہیں،تاہم عوام کے درمیان نفرت اور تقسیم پیدا کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔

 

Back to top button