تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے مزید اراکین اسمبلی کی ملاقاتیں

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے مزید ارکان اسمبلی نے ملاقاتیں کرکے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی۔
چینی اسکینڈل کے نامزد ملزم اور تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین سے مزید اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کرکے انہیں حمایت کا یقین دلایا ہے۔ جھنگ سے تحریک انصاف کے ایم این اے صاحبزاده محبوب سلطان اور ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور کہا کہ جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کےلیے گراں قدر خدمات ہیں، ہماری تمام تر حمایت ان کے ساتھ ہے، اکٹھے مل کر پارٹی کے اندر سے جاری سازش کا مقابلہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی سے تحریک انصاف کے ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور کہا کہ جہانگیر ترین تحریک انصاف کے مشکل وقت کے ساتھی ہیں، آج ان کے خلاف پارٹی کے اندر سے سازش کرکے مشکلات کھڑی کی گئیں ہیں، اس عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، میری تمام تر حمایت جہانگیر ترین کے ساتھ ہے۔ دوسری جانب گورنر پنجاب چوہدری سرور سے جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنماؤں نے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا، گورنر پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں راجا ریاض، صوبائی وزراء اجمل چیمہ اور خیال احمد کاستروسمیت دیگر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کے جو بھی تحفظات ہیں ان کو دور کیا جائے گا اور عمران خان سے آپ سب کی ملاقات جلد یقینی بنانے کےلیے کردار ادا کروں گا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اپنی ہی حکومت میں خود پر لگے چینی کے حوالے سے الزامات پر نالاں ہیں، اور اپنے بیانات میں کہتے آرہے ہیں کہ میں تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہا ہوں،جب کہ تحریک انصاف کے دیگر درجنوں رہنما بھی جہانگیر ترین کی نجی محفلوں میں شریک ہورہے ہیں، اور ذرائع کے مطابق تقریباً 50 کے قریب ایم پی اے اور ایم این ایز پر مشتمل ارکان نے ہم خیال گروپ بنا لیا ہے۔
