ترکی میں زلزلہ: پاکستان کی ریلیف اورریسکیو آپریشن میں معاونت کی پیشکش

پاکستان نےترکی کو تباہ کن زلزلے کے بعد ریلیف اورریسکیو آپریشن میں معاونت کی پیشکش کردی۔
دفتر خارجہ سےجاری بیان کے مطابق وزیرِخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ وزیر خارجہ نے ترکی کے مشرقی علاقے میں آنے والے شدید زلزلے اوراس کے نتیجے میں ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس اور صدر و وزیراعظم پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کی طرف سے قیمتی جانوں کے نقصان پر ترک وزیرخارجہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں معاونت کی پیشکش کی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترک بہن بھائیوں کواس مشکل گھڑی میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصب کوپاکستان کی طرف سے فیلڈ ہسپتال اور ریسکیو ٹیمیں بھجوانے کی بھی پیشکش کی۔ ترک وزیرخارجہ نے اظہار تعزیت اورمدد کی پیشکش پر پاکستانی قیادت اورقوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ترک حکومت زلزلہ زدگان کی امداد اوربحالی کے امور سرانجام دے رہی ہے، اگر ضرورت درپیش ہوئی تو ہم اپنے برادرملک پاکستان کو ضرور مطلع کریں گے۔
واضح رہے کہ ترکی کے مشرقی حصے میں آنے والے 6.8 شدت کے طاقتور زلزلےسے اب تک 22 افراد کے ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں تباہ حال عمارتوں کے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ترکی کی ڈیزاسٹراینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ پریزیڈینسی (اے ایف اے ڈی) نے بتایا کہ بتایا گیا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 55 منٹ پر آیا، جہاں اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کے بعد 5.1 اور5.4 شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ زلزلے سےمتاثر ہونے والےافراد کی امداد کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہےہیں اور’ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔
ترکی میں آنے والے زلزلے پر وزیراعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا اورکہا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان ترکی کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہماری دعائیں اور ہمدردیاں اپنے ترک بھائیوں اور ترک حکومت کے ساتھ ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے اور جو مدد بھی درکار ہو بہم پہنچانے کے لیے تیار ہیں‘۔
علاوہ ازیں چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ترکی میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کی ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا تھا۔
