ترین گروپ کا ایک بار پھر اپنے تحفظات عمران خان تک پہنچانے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے جہانگیر ترین گروپ نے ایک بار پھر اپنے تحفظات وزیر اعظم عمران خان تک پہنچانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے کہا ہے کہ ہم نے عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا، انہوں نے ہمیں ایم پی اے نہیں بنایا، پنجاب میں ہمارے پارلیمانی لیڈر سعید اکبرنوانی وزیراعلیٰ سے ملیں گے اوران کی خامیاں بتائیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا مقصد صوبے کی بہتری ہے، صوبے میں بیورکریسی کے ذریعے معاملات چلائے جا رہے ہیں، ہم پاکستان تحریک انصاف میں رہتے ہوئے اپنے تحفظات عمران خان تک بھی پہنچائیں گے۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے ہم خیال گروپ کے تمام ارکان کو شوکازنوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے خلاف بجٹ کی منظوری تک کوئی ایکشن نہیں ہوگا ، تحریک انصاف نے ہم خیال گروپ کے تمام ارکان کو شوکازنوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جہانگیرترین گروپ نے بجٹ سیشن میں شرکت کیلئے مشروط آمادگی ظاہرکی، اور کہا ہے کہ حکومت بجٹ سیشن سے قبل تحفظات دور کرے گی توبجٹ اجلاس میں شرکت کریں گے، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔ذرائع کے مطابق جہانگیرترین گروپ کے تحفظات سامنے آنے پر حکومت نے ترین گروپ سے رابطہ کیا ہے، حکومت کی طرف سے سینئروزراء اور وزراء نے ترین گروپ سے رابطہ کیا ، حکومتی ارکان نے ترین گروپ سے درخواست کی کہ بجٹ سیشن کا بائیکاٹ نہ کیا جائے ، کیوں کہ حکومت کوترین گروپ سے بجٹ سیشن میں عدم شرکت کا خطرہ ہے ، جہانگیرترین کے پاس ارکان کے جتنے نمبرز ہیں، وہ اگر بجٹ سیشن میں شرکت نہیں کرتے تو وفاق اور پنجاب میں بجٹ کو منظور کروانا مشکل ہوجائے گا۔
