تعلیمی اداروں کو موسم سرما کی تعطیلات جنوری میں ہونگی
این سی او سی نے تعلیمی اداروں کو موسم سرما کی تعطیلات دسمبر کی بجائے آئندہ سال جنوری میں دینے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں این سی او سی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں تمام صوبوں کی سفارشات کے تحت موسم سرما کی تعطیلات آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چھٹیوں کی تاریخ طے کرنے کے معاملے پر اجلاس میں بحث جاری ہے تاہم اس تجویز پر اتفاق کیا گیا تعلیمی اداروں میں کرونا سے بچائو کے لیے ویکسی نیشن کا عمل جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں موسم سرما کی تعطیلات آگے بڑھانے سے متعلق اتفاق کیا گیا تاہم تعطیلات آگے بڑھانے کا فیصلہ این سی او سی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
