تمام ادارے کچے کے علاقے سے ڈاکو راج کے خاتمے کےلیے ایک پیج پر ہیں

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تمام ادارے ایک لائن پر ہیں کہ کچے کے علاقے میں ڈاکو راج کا خاتمہ کیا جائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سندھ کے مسائل کے حوالے سے وزیراعظم کو رپورٹ دوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ تمام ادارے ایک لائن پر ہیں کہ کچے کے علاقے میں ڈاکو راج کا خاتمہ کیا جائے ، سندھ پولیس کو جس قسم کا اسلحہ درکار ہوگا وہ انہیں دیا جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ حکومت سندھ چاہے تو پولیس کے ساتھ بیک اپ کے لیے رینجرز بھی تیار ہیں اور انہیں ڈرونز بھی فراہم کیے جائیں گے۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ،حکومت سندھ کے ساتھ مل کر ڈاکو راج کا خاتمہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس مسئلے سے فی الحال خود نمٹنا چاہتے ہیں لیکن امن صوبے اور مرکز کا مشترکہ مسئلہ ہے کیونکہ یہ انسانی جانوں کا مسئلہ ہے اور اس میں صوبے یا مرکز کی بات نہیں ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور رکن سندھ اسمبلی سے ملاقات ہوئی، سندھ میں پی ٹی آئی کو جو بھی تحفظات ہیں ان سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کروں گا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ میں نے نادرا والوں کو بلا کر خبردار کیا کہ وہ صرف نوکریوں سے نہیں جائیں گے بلکہ قانون کے تحت ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں نے جعلی اور غلط شناختی کارڈ بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی مہینے کے آخر میں نادرا میں کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور گرفتاریاں بھی عمل میں آسکتی ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ صوبہ سندھ کے مسئلے پر میں ایک سے 2 روز میں وزیراعظم کو رپورٹ جمع کروادوں گا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان پانچ سال پورے کریں گے اور کوشش ہے کہ اگلے الیکشن میں بھی عمران خان کی حکومت آئے۔ شیخ رشید نے کہا کہ نہ کوئی گورنر راج ہے نہ وزیراعظم مرکز کی طرف سے سندھ میں مداخلت کرنا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ بچپن سے اچھے تعلقات ہیں۔

Back to top button