بلاول برخودار! کشمیر کو کشمور، میرپور کو میرپور خاص نہ سمجھنا : نواز شریف

 

 

 

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر مسلم لیگ (ن) کی مہر نظر آئے گی، پورے آزاد کشمیر کی تقدیر بدلیں گے۔انہوں نے بلاول بھٹو سے کہا کہ بلاول برخودار! کشمیر کو کشمور اور میرپور کو میرپور خاص نہ سمجھنا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں انتخابی جلسے سےخطاب کرتےہوئے کہاکہ میرپور اتنا خوب صورت شہر ہے لیکن جتنا خوب صورت ہونا چاہیے تھا اتنا نہیں ہے اور اپنے دور کے میرے کام ادھورے پڑےہوئے پروان نہیں چڑھ سکے۔

نوازشریف نے کہاکہ ہم یہ عہد لےکر آئے ہیں کہ میرپور اور آزاد کشمیر کی تقدیر بدل دیں گے،میرے وزارت عظمیٰ سے جانے کےبعد میں خاموش رہا لیکن کشمیر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی،میں ان حکومتوں سے پوچھنا چاہتا ہوں جو نواز شریف کی حکومت کےبعد آزاد کشمیر اور پاکستان میں آئیں اس نے آزاد کشمیر کےلیے کیاکیا ہے اگر کچھ کیا ہے تو مجھے بتاؤ۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ کشمیر کو میں اپنا گھر سمجھتا ہوں،کشمیر میرا پہلا گھر ہے،مجھے لاہور بھی پیارا اور کشمیر بھی اتنا ہی پیارا ہے،اس کو کشمور نہ سمجھنا،یہ کشمیر ہے، یہ میرپور ہے میرپور خاص نہیں ہے،بلاول میری بات کا برا نہ ماننا، آپ میرے برخوردار ہو یہ نوک جھونک سیاسی جماعتوں میں ہونی چاہیے،تلخی نہیں ہونی چاہیے،لڑائی،مار کٹائی نہیں ہونی چاہیے،نوک جھوک ہونی چاہیے یہ بڑی اچھی بات ہے۔

ن لیگ کے قائد نوازشریف نے کہاکہ ہماری اولین ترجیح نوجوانوں کو تعلیم دینا ہے، صحت پر خصوصی توجہ دی جائےگی،

انہوں نے کہا کہ جو الیکٹرک بسیں لاہور میں چلتی ہیں مریم نواز یہاں بھی لےکر آئی ہیں،ہسپتال آن ویلز بھی آئیں گے اور 10 ہسپتال یہاں آئیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ اگر یہاں مسلم لیگ(ن) کی حکومت بنتی ہے اور مسلم لیگ(ن) کا وزیر اعظم بنتا ہے تو میں اس کے ساتھ خود چل کر آزاد کشمیر کے چپہ چپہ جاؤں گا اور اپنی نگرانی میں کام کراؤں گا اور منشور کی تکمیل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہاں موٹرویز بنیں گی،مانسہرہ سے مظفر آباد اور مظفر آباد سے میرپور جہلم دریا کے ساتھ ساتھ ایک موٹروے بنانے کا فیصلہ کیاتھا لیکن بد قسمتی سے میرے جانے کےبعد آنے والی حکومتوں نے کوئی توجہ نہیں دی اور وہ موٹروے نہیں بن سکی،وہ منصوبہ ایسا تھا وہ کشمیر کی تقدیر بدل دیتا، کشمیر کو خوش حالی سے ہم کنار کرتا اور ان شااللہ اس کو بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مظفر آباد کے شہریوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں اسلام آباد سے مری جیسی ایکسپریس وے کو مظفر آباد تک لے جائیں گے۔

 

نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف سے ملاقات کرکے کہوں گا کہ میرپور میں ایک انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہونا چاہیے،کوٹلی نکیال روڈ دو رویہ کیاجائے گا،میرپور کے گھر گھر میں سوئی گیس آنی چاہیے، پینے کا پانی آنا چاہیے۔

 

 

Back to top button