ٹانک چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ ناکام، 12 حملہ آور ہلاک، 15 اہلکار شہید

سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹانک پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کا بزدلانہ حملہ ناکام بنادیا، فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے جب کہ دھماکے میں 15 بہادر اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق ٹانک پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا۔ 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنادیے۔ جوانوں نے غیر معمولی جرات و پیشہ ورانہ مہارت سے فرار ہونےوالے 12 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق شدید دباؤ کا شکار حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرائی۔دھماکے کے باعث چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا جب کہ دھماکے کے نتیجے میں وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے مطابق شہداء میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہے۔
آئی ایس پی ار کاکہنا ہےکہ علاقے میں مزید کسی بھی دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں بلاتعطل جاری رہیں گی۔
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کاکہنا ہےکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایاجائے گا،ہمارے بہادر شہداء کی عظیم قربانیاں وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
