‘تھپٹر’ سے متعلق تبصرے پر گوہر رشید کا شرمیلا فاروقی کو جواب

اداکار گوہر رشید نے ڈراما سیریل ‘لاپتہ’ کے وائرل ویڈیو کلپ پرپاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما اور سابق رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روزانہ ہزاروں خواتین ظلم کا شکار ہو رہی ہیں تو ہم اس حقیقت کو کیسے بدل سکتے ہیں؟
گوہر رشید کی جانب سے ایک فیس بک پوسٹ میں ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا کہ محترمہ شرمیلا فاروقی! پھر ہم برائی کے اس تسلسل کو کیسے توڑ سکتے ہیں؟
اداکار نے لکھا کہ اگر روزانہ ہزاروں خواتین ظلم کا شکار ہو رہی ہیں تو ہم اس حقیقت کو کیسے بدل سکتے ہیں؟
گوہر رشید نے کہا کہ ‘خواتین کی اس ساری ناانصافی کو برداشت کرنے کی بنیادی وجہ خوف ہے، وہ اصول ہیں جو ہمارے غیر مہذب معاشرے نے بنائے ہیں’۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘اب یہ خوف ان خواتین کی ذہنیت بنتا جا رہا ہے اور اس ذہنیت کو تبدیل صرف ایک نظریہ کر سکتا ہے، ہمارے معاشرے کے مردوں کی جانب سے کیے جانے والے مظالم، ناانصافی یا زیادتی سے خوفزدہ نہ ہونے کا نظریہ’۔
گوہر رشید کا کہنا تھا کہ ‘تھپڑ والے سین میں ایک ایسی عورت کو دکھایا گیا ہے جو تشدد کے خلاف آواز اٹھاتی ہے جو کہ برائی کے اس تسلسل کو توڑنے کی جانب ایک قدم ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ‘ظلم ایک انتخاب، یہ دراصل آنے والی نسل کے لیے ایک نظریہ ہے کہ جہاں کسی بھی عورت کو معاشرتی اصولوں کی وجہ سے زیادتی یا ظلم کو قبول نہیں کرنا چاہیے اور اگر وہ ظلم کو برداشت کرتی ہے تو یہ ایک ذہنیت نہیں ہے بلکہ اس کا اپنا انتخاب ہے’۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ڈرامے کے کلپ میں دیکھا گیا تھا کہ جھگڑے کے دوران شوہر کا کردار ادا کرنے والے گوہر رشید نے اہلیہ (سارہ خان) کو تھپڑ ماردیتے ہیں۔
تاہم روایتی ڈراموں کے برعکس اس کلپ میں خاتون، شوہر کے مارنے پر رونے کے بجائے، پہلے تو حیرانی سے اپنے شوہر کو دیکھتی ہیں اور پھر اسی قوت کے ساتھ اسے تھپڑ ماردیتی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی وہ یہ کہتی ہیں کہ ’خبردار، میں تمہارے ہاتھ توڑ دوں گی’۔
