ثانیہ مرزا اصل میں کس سے شادی کرنا چاہتی تھیں؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ اپنے شوہر شعیب ملک کی بجائے بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ کرکٹر قرار دینے والی بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اب بھی ایک بھارتی اداکار کی محبت میں گرفتار ہیں جس سے وہ ماضی میں شادی بھی کرنا چاہتی تھیں۔ تاہم اس اداکار کی شادی راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیا کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ سے ہوئی۔ آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے کہ بات ہورہی ہے بالی وڈ سٹار اکشے کمار کی۔
بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اپنے شوہر شعیب ملک کے ساتھ سوشل میڈیا پر براہ راست سیشن میں اپنے رشتے، شادی شدہ زندگی اور اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی۔ دونوں نے ایک دوسرے سے سوال جواب کیے جن کے دوران ثانیہ مرزا نے یہ انکشاف کیا کہ وہ اداکار اکشے کمار کی بہت بڑی فین ہیں اور ایک زمانے میں ان سے شادی بھی کرنا چاہتی تھیں۔ سوشل میڈیا پر نشر ہونے والے لائیو سیشن کے دوران کرکٹر شعیب ملک نے ثانیہ سے پوچھا کہ اگر موقع ملے تو آپ ٹام کروز اور اکشے میں سے کس کے ساتھ شادی کرنا چاہیں گی؟ اس سوال پر ثانیہ نے اکشے کمار کا نام لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اکشے کمار کو بہت پسند کرتی ہیں اور وہ اکشے کی فلم مہرہ کے وقت سے ہی ان کی محبت میں گرفتار ہیں۔
اس لائیو سیشن کے دوران یہ بھی پتہ چلا کہ ثانیہ بچے دو ہی اچھے کے قول پر عمل پیرا ہیں۔ اپنے شوہر سے گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ نے کہا کہ وہ دو بچوں کی خواہشمند ہیں جس پر شعیب ملک نے کہا "5،6،7،8،9، 10 کیوں نہیں؟” ثانیہ نے فوری جواب دیا ، ہم نے کرکٹ ٹیم نہیں بنانی۔ زندگی میں بچے ہیدا کرنے کے علاوہ اور بھی کام ہیں۔” اس دوران اکثر باتوں پر دونوں میں اختلاف نظر آیا ۔ ثانیہ نے اپنے پسندیدہ کرکٹر کے بارے میں کہا کہ وہ بابر اعظم کو پسند کرتی ہیں ۔ اس پر شعیب ملک نے کہا کہ بابر اعظم نے تو اپنی پسندیدہ بھابھی کسی اور کو بتایا تھا ، جس پر ثانیہ نے کہا کہ وہ نہیں جانتیں کہ انہوں نے ایسا کیوں کہا ، جبکہ بابر اعظم ہمارے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں ۔ ہمارے گھر بھی آتے ہیں ۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بابراعظم نے ایک انٹرویو کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں سرفراز احمد کی اہلیہ کو اپنی پسندیدہ بھابھی قرار دیا تھا ۔ شعیب اور ثانیہ کے لایئو سیشن کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک سوال کا غلط جواب دینے پر شعیب نے اپنی اہلیہ کو ’’آئی لو یو‘‘ کی پنجابی زبان میں ادائیگی کا ٹاسک دے کر مشکل میں ڈال دیا۔ ثانیہ مرزا نے پہلی کوشش میں کہا کہ ’’اسی تواڈے نال پیار‘‘ جس پر شعیب ملک نے کہا کہ 10 ، 12 لوگ نہیں ہیں جنہیں آئی لو یو کہنا ہے میں اکیلا ہی ہوں جس سے اظہار محبت کرنا ہے، شادی کو 10 سال ہوگئے ، اتنا بھی نہیں سیکھا۔ ٹینس اسٹار نے دوسری کوشش میں کہا کہ ’’مینوں تواڈے نال پیار کیتا ‘‘ جس پر شعیب ملک نے کہا کہ آپ نے تو پنجابی زبان کی دھجیاں اڑا دیں ۔ ثانیہ مرزا نے ایک اور کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ’’مینوں تواڈے نال عشق کیتا‘‘ جس پر شعیب ملک نے کہا کہ بس کردو ، آپ کو تو پنجاب والے اپنے صوبے میں داخل نہیں ہونے دیں گے ۔ شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کو’’ آئی لو یو ‘‘ کو پنجابی زبان میں ادائیگی کرتے ہوئے سکھایا اور کہا کہ ’’مینوں تواڈے نال محبت اے ‘‘ کہو جس پر ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے پنجابی زبان کے جملے کو دہرایا ۔
پاکستان کے اسٹار کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی جوڑی کھیل کی دنیا میں کافی مشہور ہے ۔ یہ دونوں ہی اسٹار کھلاڑی سال 2010 میں ایک دوسرے کے ہوگئے تھے ۔ 10 سال پہلے 15 اپرل کو دونوں نے حیدرآباد میں نکاح کیا تھا ۔ اب دونوں ماں باپ بھی بن چکے ہیں اور بیٹا اذہان بھی اکثر سرخیوں میں رہتا ہے ۔
