بھارتی جارحیت کامقابلہ کرنے کیلئےآج بھی تیار ہیں،وزیردفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ میں مسلح افواج پاکستان نے دشمن کے عزائم کو نیست کو نابود کردیا، ہم اب بھی کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
وزارت اطلاعات کے تحت کتاب ’دا بیٹل آف ٹروتھ‘ کے اجرا کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ کتاب محض اوراق کا مجموعہ نہیں، قومی عزم اور قربانیوں کی مکمل داستان ہے، اور کتاب میں ملکی عزم و استقلال کو مؤثر انداز سے پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ بھارت میں تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، بھارتی اقدامات نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان نے دنیا میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا، لیکن بھارتی ہندوتوا پالیسیاں خطے کی ترقی کی سب سے بڑی دشمن ہیں۔
خواجہ آصف نے کہاکہ بھارت فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی سرپرستی کررہا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان پر ہمیشہ جنگیں مسلط کی گئیں۔
انہوں ںے کہاکہ بھارت نے پلوامہ کا ڈرامہ رچا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، لیکن پاکستان نے اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی۔
خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے دشمن کے عزائم کو نیست و نابود کریا، اور آج پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ کوئی طاقت پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے درمیان نہیں آ سکتی۔
انہوں نے کہاکہ پاک بھارت جنگ میں دشمن کے جدید ترین لڑاکا طیارے کاغذوں کی طرح زمین پر گرے، قومی سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
