وفاقی حکومت نے عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے فیصلے پ رنظرثانی کی درخواست دائر کردی

 

 

 

وفاقی حکومت نے عمران خان کی شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی سے متعلق سپریم کورٹ کے 18 اگست کے عبوری حکم کو چیلنج کرتےہوئے نظرثانی کی درخواست دائر کردی ہے۔

نظر ثانی کی درخواست گزار چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے درخواست دائرکی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عبوری حکم جاری کیا، عبوری حکم میں عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی، عدالت کا حکم اختیار سماعت سے تجاوز ہے، اس پر نظرثانی ہونی چاہیے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہےکہ پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 197 میں کسی بھی قیدی کو جیل سے باہر ہسپتال منتقل کرنے کا باقاعدہ اور واضح طریقہ کار موجود ہے۔

اپیل میں کہا گیا ہےکہ بعض مخصوص صورتوں میں حکومت کی منظوری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) جیل خانہ جات کے ذریعے قانونی کارروائی ضروری ہوتی ہے، جب کہ ہسپتال منتقل کیے گئے قیدی کی سکیورٹی اور پولیس نگرانی بھی لازمی امر ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 10-A تمام فریقین کو منصفانہ ٹرائل اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کا مکمل حق دیتا ہے۔

درخواست میں مزید نشاندہی کی گئی ہےکہ جب یہ معاملہ پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کے سامنے سماعت کےلیے مقرر ہوا تو متعلقہ فریقین کو باقاعدہ نوٹس جاری نہیں کیے گئے تھے۔

وفاقی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کا طبی معائنہ پہلے بھی باقاعدگی سےہوتا رہا ہے اور سرکاری میڈیکل بورڈ متعدد مرتبہ ان کا معائنہ اور علاج کر چکا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عدالت کو طبی ماہرین کی حتمی رائے لینے کےبعد ہی یہ فیصلہ کرنا چاہیے تھاکہ آیا عمران خان کی صحت کی صورت حال واقعی اتنی خراب ہے کہ انہیں باہر ہسپتال منتقل کیا جائے۔

عمران بارے عدالتی فیصلے کے پیچھے اصل کہانی کیا ہے؟

یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے عمران خان کو نجی ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ سناتے ہوئے معاملے پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم صادر فرمایا تھا۔

تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو خواش آئند قراردیتے ہوئے کہا تھاکہ پی ٹی آئی عدالتی فیصلے کا پاس رکھے گی اور عمران خان کی سیاست کے معاملے پر کسی قسم کی سیاست نہیں کی جائے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے قانون اعظم نذیر تارڑ نے عندیہ دیا تھاکہ وفاقی حکومت عمران خان کی نجی ہسپتال منتقلی کے عدالتی فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کرنےکا فیصلہ کیا ہے  تاکہ عمران خان کا کسی سرکاری ہسپتال سے طبی معائنہ کرایا جائے۔

Back to top button