جسٹس مظاہر نقوی کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری

عدالت اعظمیٰ سے مستعفی ہونے والے جج جسٹس مظاہر نقوی کی برطری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے مظاہر نقوی کو جوڈیشل مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیا تھا اور ان کو برطرف کرنے کی سفارش کی تھی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق، مظاہر اکبر نقوی کو 10 جنوری 2024 سے برطرف کیا گیا۔صدر مملکت نے سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش منظور کر لی ہے۔ جبکہ مظاہر نقوی کا بطور جج مستعفی ہونے کا نوٹیفیکیشن بھی واپس ہوگیا ہے۔ مظاہر نقوی کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن تمام متعلقہ اداروں اور وزارتوں کو بھجوادیا گیا، واضح رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے 7 مارچ کو جاری اپنے اعلامیے میں سپریم کورٹ کے مستعفی جج مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف 9 شکایات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیا تھا اور سفارش کی تھی کہ انہیں برطرف کیا جانا چاہئے تھا، سپریم جوڈیشل کونسل کے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کونسل نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے خلاف دائر ہونے والی 6 درخواستوں کا جائزہ لیا جن میں سے 5 کے بارے میں متفقہ رائے دی گئی کہ ان میں کوئی خاص مواد نہیں تھا جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ کے ایک جج کے خلاف کونسل نے انہیں جواب جمع کرانے کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے، اس کے علاوہ سپریم جوڈیشل کونسل نے قرار دیا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز اپنے خلاف نشر اور اشاعت شدہ الزامات پر جواب دے سکتے ہیں۔
