آزادکشمیرکےانتخابات:الیکشن کمیشن نےانتخابی شیڈول میں ترمیم کردی

آزادجموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول میں ترمیم کر دی ہے تاہم پولنگ 27 جولائی کو ہی ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع پونچھ راولاکوٹ کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بھی راولاکوٹ میں متعلقہ ریٹرننگ افسروں کے پاس جمع کروائے جائیں گے اور وہی سکروٹنی بھی ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق عوامی سہولت اور امیدواران کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابی شیڈول میں ترمیم کی گئی ہے۔
نئے شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 جون 2026 شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے جبکہ امیدواروں کی درخواست پر نامزدگی فارمز جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع بھی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 جون کو صبح 8 بجے سے ہوگی اور اسی روز درست امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 25 تا 28 جون تک دائر کی جا سکیں گی، جن کی سماعت الیکشن کمیشن 29 اور 30 جون کو کرے گا ارو اپیلوں پر فیصلے یکم اور 2 جولائی کو سنائے جائیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 3 جولائی دوپہر 2 بجے مقرر کی گئی ہے جبکہ امیدواروں کی فہرست 4 جولائی کو شائع کی جائے گی اور انتخابی نشانات 5 جولائی کو الاٹ کیے جائیں گے اور اسی روز حتمی امیدواران کی فہرست معہ انتخابی نشانات جاری ہوگی۔
