فاطمہ ثناانگلینڈ کی دی ہنڈریڈ لیگ کیلئےمنتخب

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کو انگلینڈ کی معروف دی ہنڈریڈ لیگ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں۔
آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کو برمنگھم فینکس نے وائلڈ کارڈ ڈرافٹ کے ذریعے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ فاطمہ ثنا کو آسٹریلیا کی لوسی ہیملٹن کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فاطمہ ثنا کو اس لیگ میں شرکت کے لیے 15 ہزار پاؤنڈ معاوضہ دیا جائے گا جو ان کے کیریئر میں ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔
فاطمہ ثنا اس وقت آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ جنوبی افریقا کے خلاف ایک میچ میں اگرچہ پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم فاطمہ کی آل راؤنڈ کارکردگی نمایاں رہی۔
