ایران-امریکا معاہدہ : پاکستان نے دنیا میں امن کے قیام میں کردار ادا کیا، بلاول بھٹو

 

 

 

 

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدہ اس بات کا ثبوت ہےکہ جنگ کے مقابلے میں امن ہمیشہ بہتر راستہ ہے، پاکستان نے دنیا میں امن کے قیام میں کردار ادا کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کےلیے امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی ہے اور ایران امریکا معاہدہ خوش آئند پیشرفت ہے۔

بلاول بھٹو نے اس کامیابی پر صدر آصف علی زرداری،فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتےہوئے کہاکہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت دنیا میں امن کے قیام میں مؤثر کردار ادا کرنے پر مبارک باد کی مستحق ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ پاکستان جنگ اور بدامنی کی قیمت کو بخوبی جانتا ہے کیوں کہ ملک نے دہشت گردی اور عدم استحکام کے سنگین اثرات برداشت کیے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیاکہ ایران اور امریکا کے معاہدے کے باوجود خطہ مکمل طور پر پرامن نہیں ہوا اور اب بھی ایسے عناصر موجود ہیں جو بدامنی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ بیرونی قوتیں دہشت گردی کی سرپرستی کر کے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہیں،جب کہ بھارت کی جانب سے بھی اشتعال انگیز بیانات اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور صوبوں نے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے قومی چیلنجز سے نمٹنے کےلیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کی ہے۔آئین صوبوں کو وفاق کی معاونت کا اختیار دیتا ہے اور موجودہ فیصلے بھی آئینی تقاضوں کےمطابق کیے گئےہیں۔بجٹ کے آغاز پر اٹھارویں ترمیم اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خاتمے سے متعلق افواہیں گردش کرتی رہیں،تاہم سیاسی اتفاق رائے کے ذریعے جمہوری حل نکالا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہےکہ این ایف سی ایوارڈ محفوظ رہےگا اور 2 سے 3 سالہ انتظامی بندوبست کے علاوہ صوبوں سے مزید مالی مطالبات نہیں کیے جائیں گے۔

انہوں نے وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہاکہ تمام فیصلے قومی مفاد،دفاع اور استحکام کو مدنظر رکھتےہوئے باہمی مشاورت سے کیے گئے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 2010 سے وفاق مسلسل پیٹرولیم لیوی وصول کررہا ہے،جس کے باعث صوبے اپنے جائز مالی وسائل سے محروم ہورہے ہیں۔ہر سال صوبائی حکومتوں سے کہا جاتا ہےکہ وہ اپنے بجٹ سرپلس دکھائیں،جس کا مطلب یہ ہےکہ وہ دستیاب وسائل اپنی عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات پر خرچ نہیں کرسکتے۔یہ صورت حال صوبوں کی مالی خود مختاری اور ترقی کے عمل پر منفی اثرات مرتب کررہی ہے۔

دفاعی بجٹ میں 18 اضافہ عوامی تنقید کی زد میں کیوں؟

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی خطرات کا سامنا ہے،بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے جب کہ افغانستان کی سرزمین سے بھی پاکستان کےخلاف دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ قومی دفاع اور سلامتی صرف ایک صوبے کی ذمہ داری نہیں، اسی لیے خیبرپختونخوا سمیت تمام صوبوں کو قومی دفاع کےلیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے مفادات اور نظریات مختلف ہوسکتے ہیں لیکن قومی مفاد کے معاملے پر تمام قوتوں کو متحد ہونا ہوگا،اگر ہم قومی مفاد،معیشت اور سلامتی کے معاملات پر اسی طرح یکجہتی کا مظاہرہ کریں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔

 

Back to top button