جہانگیرترین نےسائنس کالج وحدت روڈ میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کردیا

نوجوانوں کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے جہانگیر خان ترین نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف سائنس، وحدت روڈ میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے پر تقریباً 12 ملین روپے لاگت آئی ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ان کے لیے اس سے بڑھ کر خوشی کی کوئی بات نہیں کہ وہ نوجوانوں کو جدید تعلیم حاصل کرتے ہوئے دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کا اعتماد، ترقی اور کامیابی ان کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں میں زیادہ تر صاحبِ حیثیت افراد کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں جبکہ سرکاری سکولوں اور کالجوں میں محدود وسائل رکھنے والے طلبہ زیرِ تعلیم ہوتے ہیں۔ اگر ملک میں تعلیمی نظام کو مضبوط بنانا ہے تو سرکاری اداروں میں بھی وہی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہوں گی جو امیر طبقے کے بچوں کو میسر ہیں۔
جہانگیر خان ترین نے کہا کہ اچھے کاموں کی ہمیشہ تقلید کی جاتی ہے اور تعلیمی نظام میں حقیقی تبدیلی اسی وقت ممکن ہے جب صاحبِ استطاعت افراد تعلیمی شعبے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا راستہ صرف تعلیم سے ہو کر گزرتا ہے۔
انہوں نے کہا، "میں آج جو کچھ بھی ہوں محنت اور مستقل مزاجی کی وجہ سے ہوں۔ نوجوان اگر جذبے، محنت اور ڈسپلن کے ساتھ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کام کریں تو زندگی کے ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔”
جہانگیر خان ترین نے مزید کہا کہ طلبہ کو بلا تعطل تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے ان کمپیوٹر لیبز کو سولرائز بھی کیا گیا ہے تاکہ بجلی کی بندش یا دیگر رکاوٹوں کے باعث ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
اس موقع پر ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اکبر خان نے کہا کہ فاؤنڈیشن آئندہ تین سال تک اس کمپیوٹر لیب کی مکمل مینٹیننس کی ذمہ داری نبھائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لودھراں میں تقریباً اڑھائی ارب روپے کی لاگت سے "ترین انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر ایجوکیشن اینڈ ریسورسز” بھی قائم کیا جا رہا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ڈی پی آئی کالجز پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر نے اپنے خطاب میں طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس جدید کمپیوٹر لیب سے بھرپور استفادہ کریں کیونکہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل تعلیم کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔
تقریب میں ڈائریکٹر کالجز لاہور پروفیسر احسن ممتاز، ڈی پی آئی کالجز پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر، ایکٹنگ پرنسپل زاہد بھٹی، ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے نمائندگان، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
