جماعت اسلامی کا مبینہ انتخابی دھاندلی پر ملک گیر احتجاج کا اعلان

جماعت اسلامی نے کراچی میں ہونے والی بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے، بلدیاتی انتخابات کے ایک روز بعد گزشتہ روز تمام 235 یونین کونسلز کے غیرحتمی نتائج جاری کر دیئے جس میں پیپلزپارٹی 93 نشستوں کے ساتھ پہلے، جماعت اسلامی 86 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور پی ٹی آئی 40 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

تاہم امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی نے کراچی میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہماری 8 جیتی ہوئی نشستیں پیپلزپارٹی کو دے دی گئی ہیں، ان یوسیز کے نتائج کے دستخط شدہ فارم 11 ہمارے پاس موجود ہیں، اس لحاظ سے ہماری اب تک جیتی ہوئی کُل نشستیں 94 ہیں جبکہ 10 ایسی نشستیں ہیں جن پر ہم نے دوبارہ گنتی کی اپیل کردی ہے۔

نتائج سامنے آنے کے بعد نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا گیا، جماعت اسلامی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا بیان جاری کیا گیا جس میں عوام اور پارٹی کارکنان سے اپنے اپنے شہر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی گئی۔

سراج الحق نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 2018 کی طرح الیکشن پر کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے، نتائج تبدیل کیے گئے تو کراچی سمیت پورے ملک میں احتجاج ہوگا، نتائج میں تاخیر سے عوام کے ذہنوں میں شبہ پیدا ہو رہا ہے، الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری ادا کرے، درست نتائج کا اعلان کیا جائے، گزشتہ شب حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا کہ کل پورے ملک میں کراچی کے مینڈیٹ کے لیے احتجاج کیا جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، تم کون ہوتے ہو مینڈیٹ چھینے والے، اپنےحق پرکسی کو بھی ڈاکہ نہیں مارنے دیں گے، جس جس ڈی آر او پر دھاندلی ہوئی ہے وہاں دھرنا دیا جائےگا۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو جماعت اسلامی کی فتح پر ڈاکہ قرار دیتے ہوئے کارکنان کو آج اسلام آباد میں ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’تمام محب وطن پاکستانی آج دوپہر ڈھائی بجے ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں، ڈی چوک سے ریلی کی صورت میں الیکشن کمیشن دفتر جائیں گے اور دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔علاوہ ازیں کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں تبدیلی کے خلاف امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی ہدایت پر جماعت اسلامی کی جانب سے پنجاب بھر میں بھی احتجاج کا اعلان کیا گیا۔

Back to top button