جنید صفدر کا ولیمہ 17 دسمبرکو رائیونڈ میں ہو گا


شریف برادران کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کر دی ہے کہ مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی دعوت ولیمہ 17دسمبر کو جاتی عمرہ لاہور میں منعقد ہو گی جس میں صرف قریبی رشتہ داروں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے صاحبزادے کا نکاح اگست میں احتساب بیورو کے سابق چیئرمین سیف الرحمٰن کی صاحبزادی عائشہ رحمٰن سے لندن میں ہوا تھا۔ نکاح کے بعد سے سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں تھیں کہ جنید صفدر کا نکاح جلد لاہور میں منعقد ہوگا، تاہم اس حوالے سے اب جنید نے خود بھی تصدیق کردی ہے۔ جنید صفدر نے انسٹاگرام پر ولیمے کا دعوت نامہ شیئر کیا، جس میں ان کی اہلیہ کے ہمراہ تصویر بھی ہے اور اس پر 17 دسمبر 2021 کی تاریخ درج ہے۔ انہوں نے کیپشن میں بھی ولیمے کی تاریخ کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے مقام کا نام نہیں بتایا۔
ان کی جانب سے ولیمے کی تاریخ کی تصدیق کیے جانے سے قبل گزشتہ ہفتے شریف خاندان کے قریبی ذررائع نے بتایا تھا کہ ولیمے کی تقریب لاہور میں دسمبر میں ہوگی۔
شریف خاندان کا آبائی گھر رائے ونڈ میں ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ جنید صفدر کا ولیمہ جاتی عمرہ کے علاقے رائے ونڈ میں منعقد ہوگا، حالانکہ سیف الرحمان قطر اور ان کی صاحبزادی لندن میں مقیم ہیں لیکن اس طرح کی اطلاعات ہیں کہ ممکنہ طور پر دلہن کی رخصتی اسلام آباد سے ہوگی، تاہم اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی۔
جنید صفدر کی اہلیہ عائشہ سیف خان سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی سیف الرحمن خان کی بیٹی ہیں، جو 1997 میں احتساب بیورو کے چیئرمین رہے تھے۔اس سے پہلے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کے بیٹے کے نکاح کی تقریب لندن کے مہنگے ترین اور پرتعیش 5 اسٹار ہوٹل دی لینس بورو میں اگست میں منعقد ہوئی تھی جو ہائیڈ پارک کارنر پر نائٹس برج میں واقع ہے۔
اس تقریب کا سوشل میڈیا پر کافی چرچا رہا تھا اور جوڑے کی تصاویر کے ساتھ ساتھ جنید صفدر کی جانب سے محمد رفیع کا گانا کیا ہوا تیرا وعدہ’ گانے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ولیمہ کی تقریب کے بعد جنید ایک یا ڈیڑھ ہفتہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاکستان میں قیام کریں گے جس کے بعد وہ دوبارہ لندن واپس روانہ ہو جائیں گے۔

Back to top button