جہانگیر ترین نے عمران حکومت گرانے کی دھمکی دی تھی

وزیراعظم کے مشیر برائے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ صاحبزادہ جہانگیر نے انکشاف کیا ہے کہ جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی حکومت گرانے کی کوشش کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ان یوکے اینڈ یورپ کے ترجمان صاحبزادہ جہانگیر نے الزام لگایا ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے اس وقت ایک باغی گروپ بنایا تھا، جب ان سے کہا گیا تھا کہ وہ وضاحت کریں کہ ان کی شوگر ملز کی آمدنی شفاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوروں اور ڈاکوئوں نے اس وقت بغاوت کی تھی، جب وزیراعظم عمران نے ان کا احتساب کرنے کی کوشش کی تھی اور ان لوگوں نے عدالتوں سے ضمانتیں کروائیں اور واپس معمول کی زندگی گزارنے لگ گئے۔
یہ بات انہوں نے یہاں پی ٹی آئی برطانیہ کے رہنما انیل مسرت کی جانب سے گورنر پنجاب چوہدری سرور کے اعزاز میں منعقدہ ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں 400 سے زائد مہمان شریک تھے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ جہانگیر ترین نے عدالت کو شوگر ملز سے کیسے پیسہ کمایا، بتانے کے بجائے پی ٹی آئی میں ایک باغی گروپ بنایا اور عمران خان کی حکومت کو گرانے کی دھمکی دی، کیونکہ وہ اپنا احتساب نہیں چاہتے تھے۔ صاحبزادہ جہانگیر نے الزام لگایا کہ جہانگیر ترین فیوڈل لارڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین سے کہا گیا تھا کہ وہ شوگر ملز کیس میں عدالت سے رجوع کریں اور وہاں وضاحت کر کے خود کو بے گناہ ثابت کریں کہ ان پر عائد کردہ الزامات جھوٹے ہیں لیکن ترین نے ایسا نہیں کیا۔ اس کے بجائے ترین نے 40 باغیوں کا ایک گروپ بنالیا۔ صاحبزادہ جہانگیر نے جہانگیر ترین سے ایک بیان منسوب کیا، جس میں ترین نے عمران خان سے کہا کہ خان صاحب آپ نے مجھ پر انگلی اٹھائی؟ میں ایک میگا جاگیردار ہوں اور آپ نے میری طرف دیکھا؟
یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ:شہباز شریف ، حمزہ شہباز مرکزی ملزم نامزد
میں تباہی کا سبب بنوں گا۔ وزیراعظم کے مشیر نے جہانگیر ترین کو ان لوگوں کے ساتھ بریکٹ کیا، جنہوں نے لوٹ مار کی۔ انہوں نے کہا کہ لٹیروں کو ضمانتیں مل رہی ہیں اور وہ لگژری زندگی گزار رہے ہیں۔ ایجوئیر روڈ اور پارک لین پاکستانی حکمرانوں سے بھرے ہیں۔ نواز شریف، یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری سب وہاں رہ رہے ہیں۔ عمران خان جب کچھ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو بغاوت ہوتی ہے، بغاوت کا شور ہوتا ہے۔ صاحبزادہ جہانگیر نے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ عمران خان پر اپنا اعتماد نہ کھوئیں اور حوصلہ نہ ہاریں اور عوام کے سامنے جا کر کہیں کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی حکومت اس جہاز جیسی ہے، جو طوفانی پانیوں میں گھرا ہے۔ ہمارا جہاز طوفان میں گھرا ہوا ہے اور گھوم رہا ہے لیکن جہاز کو بچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہمارے منسٹرز اور ایڈوائزرز پی ٹی آئی کے جھنڈے اور عہدے سنبھالے ہوئے ہیں، ان کا کام ہے کہ وہ نکل کر اپنے حلقوں میں جائیں اور عوام کو صورت حال بتائیں۔ انہوں نے عمران خان پر زور دیا کہ وہ آئی ایم ایف اور سعودی عرب کے قرضے مسترد کر دیں۔
