جیالے سلیکٹڈ کے گھر میں گھس کر اسے شکست دینگے

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں وزہراعظم عمران خان کو خبردار کر رہا ہوں کہ اب گھبرانے کا وقت آ گیا ہے ، پیپلز پارٹی کے جیالے آپ کے گھر میں گھس کر آپ کو سیاسی شکست دیں گے۔

پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے نوشہرہ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول نے بتایا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے اور یہ وہ جماعت ہے جس نے تین آمروں سے مقابلہ کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس ملک کے غریب عوام کی آواز ہے جس نے اس ملک کے مزدوروں، کسانوں، محنت کشوں، طالبعلموں کو حقوق دیے دلوائے ہیں لیکن آج خان صاحب کے نیا پاکستان میں عوام سے ان کے حقوق چھین رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان دعوے کرتے تھے کہ وہ تبدیلی لائیں گے لیکن یہ تبدیلی نہیں تباہی لائے ہیں، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے آپ نے نوجوانوں کو بے روز کر دیا، یہ جھوٹا آدمی ہے۔وفاق کے 16ہزار ملازمین سے روزگار چھینا گیا ، کراچی کی اسٹیل مل میں محنت کرنے والے 10ہزار لوگوں کو بے روزگار کرایا گیا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسی خان صاحب نے وعدہ کیا تھا کہ وہ حکومت میں آ کر 50لاکھ گھر بنائیں گے، تین سال وفاق میں ہو چکے ہیں، خیبر پختونخوا میں وہ آٹھ سال سے حکومت میں ہیں، میں نوشہرہ والوں سے پوچھتا ہوں کہ آپ کے ہاں کتنے گھر بنے ہیں؟

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اب نوجوانوں کا دور آ چکا ہے، نوجوانوں کا نام لے کر آپ کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرنے والا 70 سالہ کھلاڑی اب بے نقاب ہو چکا ہے۔

Back to top button