پریتی زنٹا نے کرائے کی کوکھ سے جڑواں بچے پیدا کروا لیے


شادی کے بعد اسکرین سے دور ہو جانے والی بالی وڈ کی ’ڈمپل گرل‘ اداکارہ پریتی زنٹا اس حوالے سے خوش نصیب ثابت ہوئی ہیں کہ وہ ایک ہی جھٹکے میں دو خوبصورت بچوں کی ماں بن گئی ہیں جوکہ بیٹا اور بیٹی ہیں۔
تاہم یہ جھٹکے پریٹی نے برداشت نہیں کیے کیونکہ انہوں نے بچوں کی پیدائش کے لیے ’سروگیسی‘ کے عمل کا سہارا لیا، یعنی ان کے بچوں کو کسی دوسری خاتون نے پیسے لے کر جنم دیا۔ اس عمل کے تحت ماں اور باپ دونوں کے اسپرم کسی دوسری خاتون کی بچے دانی میں طبی طریقے سے داخل کیے جاتے ہیں اور وہی نو مہینے بچے کو اپنی کوکھ میں پالتی ہے جس کے عوض وہ بھاری معاوضہ وصول کرتی ہے۔
یاد رہے کہ پریتی زنٹا نے فروری 2016 میں اپنے برسوں کے بوائے فرینڈ جین گڈ اناف سے شادی کی تھی۔ اب شادی کے پانچ برس بعد دونوں ماں باپ بن گئے ہیں۔ پریتی زنٹا نے 18 نومبر کو سوشل میڈیا پوسٹس میں شوہر کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری دی کہ ان کے ہاں دو جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ اداکارہ نے مداحوں کو بتایا کہ ان کے ہاں بیٹا اور بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے اور وہ اپنا خاندان مکمل ہو جانے پر انتہائی خوش ہیں۔ پریٹی کے مطابق انہوں نے اپنی بیٹی کا نام ’جیا‘ جب کہ بیٹے کا نام ’جے‘ رکھا ہے۔
تاہم اداکارہ نے بڑی خبر بریک کرتے ہوئےتصدیق کی کہ انہوں نے اپنے جڑواں بچوں کو خود جنم نہیں دیا۔ پریتی زنٹا نے کرائے کی کوکھ یعنی اپنے بچوں کو جنم دینے والی خاتون کا بھی شکریہ ادا کیا۔اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بچوں کی پیدائش کے لیے ’سروگیسی‘ کے عمل کا سہارا لیا، یعنی ان کے بچوں کو دوسری خاتون نے جنم دیا. اداکارہ نے ’سروگیسی‘ کے ذریعے اپنے ہاں جڑواں بچوں کی کامیاب پیدائش پر ڈاکٹرز اور نرسز کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہوں نے بچوں کو جنم دینے والی خاتون کی بھی تعریفیں کیں۔لیکن پریتی زنٹا نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کے جڑواں بچوں کی پیدائش کے لیے کسی بھارتی خاتون کی کوکھ کرائے پر حاصل کی گئی یا پھر یہ عمل بیرون ملک سر انجام دیا گیا۔تاہم عام طور پر دنیا بھر کے لوگ ’سروگیسی‘ یعنی کرائے کی کوکھ حاصل کرنے کے لیے بھارت کا رخ کرتے ہیں، کیوں کہ وہاں پر یہ عمل جلد اور سستا ہوجاتا ہے۔
اداکارہ کی جانب سے اپنے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی تصدیق کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی۔
پریتی زنٹا شادی کے بعد اسکرین سے دور ہیں، تاہم انہیں شوز میں بطور مہمان دیکھا جاتا ہے۔حال ہی میں انہیں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز میں بھی دیکھا گیا تھا۔پریتی زنٹا کا شمار بولی وڈ کی مقبول اور حسین ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہیں رواں برس اگست میں شوبز میں 23 سال مکمل ہوئے تھے۔ انہیں بولی ووڈ کی ڈمپل گرل کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔

Back to top button