ماہرہ خان کو پاکستانی شاہ رخ خان کس نے قرار دیا؟

اداکار علی سفینا کی اہلیہ حرا ترین نے اپنے شوہر سے اختلاف کرتے ہوئے ماہرہ خان کو پاکستانی فلم انڈسٹری کا شاہ رخ خان قرار دے دیا ہے۔ منجلی، خدا میرا بھی ہے، محبت صبح کا ستارہ ہے اور پیا نام کا دیا جیسے ڈراموں میں اداکاری کرنے والی حرا ترین کا کہنا ہے کہ ماہرہ خان بھی شاہ رخ خان کی طرح ایک سپر سٹار ہیں۔
حرا ترین حال ہی میں اپنے شوہر علی سفینا کے ہمراہ ایک ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں دونوں نے اپنی ازدواجی زندگی سمیت شوبز پر بھی کھل کر باتیں کیں۔علی سفینا کے مطابق ان کی اہلیہ ہر روز اٹھ کر دیدہ زیب لباس پہننے کے بعد میک اپ کے ساتھ تیار ہوکر بیٹھتی ہیں، جیسے وہ کسی شوٹنگ یا پارٹی میں جانے والی ہیں، حالانکہ انہیں کہیں نہیں جانا ہوتا۔ایک سوال کے جواب میں علی سفینا نے کہا کہ کئی سالوں کے بعد اب جاکر شوبز کی دنیا کو بطور انڈسٹری مانا جانے لگا ہے اور اب جاکر اداکاروں کو بعض سہولیات ملنے لگی ہیں۔ پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں اہلیہ اور شوہر کے درمیان ماہرہ خان کی اداکاری پر بحث ہوگئی۔ اس دوران علی سفینا نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیوی کو ماہرہ خان کی اداکاری بالکل اچھی نہیں لگتی اور وہ انہیں ناپسند کرتی ہیں۔ تاہم حرا ترین نے شوہر کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ماہرہ خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے اور کہا کہ انہیں سب سے زیادہ ماہرہ کی ہی اداکاری اچھی لگتی ہے۔
حرا ترین نے ماہرہ خان کی تعریف جاری رکھتے ہوئے انہیں پاکستان کا شاہ رخ خان قرار دے دیا جس پر انکے شوہر ہکا بکا رہ گے۔ اپنی اہلیہ کی جانب سے ماہرہ خان کی تعریف کرنے پر علی سفینا نے کہا کہ ان کا ذاتی خیال ہے کہ ماہرہ خان کو اداکاری پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے اور یہ کہ لوگ شاہ رخ خان کے حوالے سے بھی ایسا ہی کہتے ہیں۔ شوہر کی بات کو کاٹتے ہوئے حرا ترین نے کہا کہ ماہرہ خان نہ صرف بہترین اداکارہ ہیں بلکہ وہ اسٹائلش بھی ہیں اور انہیں شاہ رخ خان کی طرح سپورٹ کی ضرورت نہیں۔اسی بحث کے دوران علی سفینا نے اداکارہ اقرا عزیز کے شوہر یاسر حسین کی اداکاری پر بھی کمنٹ کیا اور کہا کہ انہیں بھی اپنا کام بہتر کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
خیال رہے کہ حرا ترین اور علی سفینا نے 2013 میں شادی کی تھی اور دونوں کے ہاں چار سال بعد دسمبر 2017 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ دونوں کا شمار معروف اداکاروں میں ہوتا ہے اور دونوں کی جوڑی کو سراہا جاتا ہے۔ ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے حرا ترین نے بتایا کہ جب وہ امید سے تھیں تو دیگر خواتین کی طرح وہ بھی ذہنی مسائل کا شکار ہو گئی تھیں، تاہم اب وہ بہت پر سکون ہیں اور ماں بننے کے بعد بہت زیادہ خوش ہیں۔ ان کے مطابق شادی شدہ اور شادی سے پہلے کی زندگی کے مقابلے والدہ بن جانے کی زندگی بہترین اور پرسکون ہے۔ انہوں نے جہاں بیٹی کی پیدائش کے وقت ذہنی مسائل کا شکار ہونے کا انکشاف کیا، وہیں انہوں نے اعتراف کیا کہ دوران حمل ہی انہیں زیادہ تخلیقی خیالات آئے اور انہوں نے یوٹیوب چینل سٹارٹ کر کے ایک نئے سفر کا آغاز بھی کیا۔ انہوں نے اپنے شوہر علی سفینا کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک بہت اچھا خاوند اور انسان قرار دیا۔ حرا ترین نے شوبز کے حوالے سے بھی بات کی اور بتایا کہ انہیں تقریبا ہر ڈرامے میں ایک جیسے ہی کردار دیے جاتے ہیں، جن میں انہیں بیرون ملک سے آنے والی لڑکی کے طور پر دکھانے سمیت گھر میں مسئلے کھڑے کرنے یا شوہر کو خاندان سے الگ کرنے والی خاتون کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی گھریلو زندگی میں ایسی لڑکی بالکل نہیں ہیں۔ علی سفینا نے انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ میک اپ زیادہ کرتی ہیں اور ہر روز ایسے تیار ہوتی ہیں، جیسے انہیں کسی تقریب میں جانا ہو۔ تاہم انکی اہلیہ کا کہنا تھا جب آپکا تعلق شوبز انڈسٹری سے ہو تو پھر ہر وقت تیار رہنا ایک ضرورت بن جاتی ہے۔
