جیل میں کیمروں سے عمران خان کی پرائیویسی متاثر ہونے کا انکشاف

اٹک جیل میں لگے کیمروں سے چیئرمین پی ٹی آئی کی پرائیویسی متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔اٹک کے ایڈیشنل سیشن جج شفقت اللہ خان نے پیر کو اٹک جیل کا معائنہ کرنے کے بعد ایک رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے جیل سے متعلق خدشات جیل قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرک کے سامنے لگے سی سی ٹی وی کیمرے پر تحفظات کا اظہار کیا، کیمروں کا فاصلہ سیل سے6 سے7 فٹ ہے۔ کیمروں سے چیئرمین پی ٹی آئی کی پرائیویسی متاثر ہوتی کیونکہ سی سی ٹی وی کیمرہ واش روم کی 2سے3 فٹ دیوار کو کوور کرتا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج شفقت اللہ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ظاہر کی گئی تشویش حقیقی اور یہ جیل رولز کے خلاف ورزی ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ نے شکایت کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے شکایت کی اہلیہ اور وکلاء کی ان تک رسائی آسان نہیں ہے تاہم سپرنٹنڈنٹ نے یہ بھی یقین دہانی کرائی قیدی کہ قوانین کے مطابق بیوی اور وکلا تک رسائی دی جائے گی
