جیل کو گھر قرار دینے والے شیخ رشید دبئی کیوں نکل گئے؟

شہباز گل کی گرفتاری کے بعد بڑھکیں مارتے ہوئے جیل کو اپنا گھر اور ہتھکڑی کو اپنا زیور قرار دینے والے شیخ رشید بالآخر گرفتاری سے بچنے کے لیے پتلی گلی سے دبئی نکل گئے ہیں۔
یاد رہے کہ شیخ رشید پر جب بھی مشکل وقت آتا ہے تو وہ دبئی کا رخ کرتے ہیں، اس وقت شیخ رشید کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ بتاتے ہیں کہ جب نواز شریف نے بطور وزیراعظم امریکہ کی مخالفت کے باوجود ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا تو میں نے وفاقی وزیر ہونے کے باوجود خطرہ محسوس کرتے ہوئے دبئی نکل جانے میں ہی عافیت جانی۔ وہ بتاتے ہیں کہ مجھے خطرہ تھا کہ ایٹمی دھماکوں کے نتیجے میں کہیں ہم خود ہی نہ مارے جائیں۔
دبئی روانگی سے ایک روز پہلے شیخ رشید نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ان کی گرفتاری کے لیے لال حویلی پر چھاپہ مارا گیا ہے لیکن وہ پہلے ہی گھر سے نکل گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ شہباز گل کے بعد انہیں گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔ پھر 15 اگست کو شیخ رشید اچانک پاکستان سے متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر بھی وائرل ہوئیں جن میں بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ وہ گرفتاری کے ڈر سے ملک چھوڑ گئے ہیں، تاہم شیخ رشید نے میڈیا کی جانب سے رابطہ کرنے پر بتایا ہے کہ وہ نجی دورے پر دبئی میں ہیں اور فرار ہونے کی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں۔
شیخ رشید گو کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ ہیں مگر وہ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور سابق وزیراعظم عمران خان کے جلسوں میں باقاعدگی سے شریک ہوتے ہیں۔دبئی سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں چند روز کے لیے نجی دورے پر آیا ہوں اور 18 اگست کو عمران خان کے جلسے میں شرکت کرنے کی کوشش بھی کروں گا، سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ کسی ملاقات کے لیے لندن نہیں جا رہے، شیخ رشید نے بتایا کہ ان کے دورے کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ اچانک دبئی نکل جانے سے پہلے شیخ رشید نے کہا تھا کہ میں کسی صورت جیل سے گھبرانے والا نہیں، میں نے اپنا بیگ تیار کرلیا ہے، جس میں دوائی، ٹوتھ پیسٹ سمیت تمام سامان ہے، آپ کو گرفتار کرنا ہے تو آئیں اور وارنٹ دکھائیں میں ساتھ چلوں گا۔ تاہم شیخ رشید کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس عمر میں دوبارہ جیل جانے کے موڈ میں نہیں اس لئے گرفتاری سے بچنے کے لیے وہ دبئی نکل گئے ہیں۔
