جیکی چن کی پرفارمنس پر بیٹی بھی بول اُٹھی ’’پاپا یو آر آسم‘‘

ہالی ووڈ کی دنیا کے معروف سٹار جیکی چن نے اپنی پرفارمنس سے بیٹی کو بھی دھنگ کر دیا، دونوں نے ایک ساتھ اپنی پرانی فلمیں دیکھیں تو بیٹی بھی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکی اور بولی کی ’’پاپا یو آر آسم‘‘۔
جیکی چن کی اس حوالے سے ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہےجس میں وہ اپنی بیٹی کے ساتھ جذباتی ہو کر رہ رہے ہیں، چند روز پیشتر ٹوئٹر ہینڈل ٹیگا سے شیئر ہونے والی 39 سیکنڈ کی اس ایڈیٹڈ ویڈیو میں جیکی چن بیٹی کے ساتھ اپنی پرانی فلموں کے ایسے خطرناک مناظر دیکھ رہے ہیں جو انہوں نے خود کیے تھے اور زخمی بھی ہوئے تھے۔
ایک منظر میں ان کو بس کے پیچھے بھاگتے اور پھر اس کو پکڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ منہ کے بل گرتے ہیں اور پھر پیچھے سڑک پر گھسیٹے چلے جاتے ہیں۔
اگلے منظر میں وہ ایک عمارت سے گرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور کپڑے کے ایک اور پھر دوسرے شیڈ سے گزرتے ہوئے زمین پر گرتے ہیں، اس وقت بیٹی ان سے پوچھتی ہیں کہ ’اس وقت آپ کو چوٹ لگی تھی اور درد ہوا تھا؟ اس کے جواب میں جیکی چن بتاتے ہیں کہ ’بہت زیادہ‘۔
اس سے اگلے سین میں وہ ایک ڈبل ڈیکر بس کے اوپری حصے کے ساتھ لٹکتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، اس وقت ان کی بیٹی کہتی ہیں کہ ’پاپا یو آر آسم‘ اس کے بعد کا چند سیکنڈ کا وقت بہت جذباتی ہے۔
اس میں ان کی بیٹی کو آنسوؤں کے ساتھ روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی جیکی چن کی آنکھیں بھی چھلکنا شروع ہو جاتی ہیں۔ یہ ایک ایسی کیفیت ہوتی ہے جس میں وہ مسکرا بھی رہے ہیں اور رو بھی رہے ہیں، اس کے بعد بیٹی ان کا بازو پکڑ کر مزید قریب ہو جاتی ہے اور دونوں کی سسکیوں کے ساتھ ویڈیو ختم ہو جاتی ہے۔
یہ ویڈیو سامنے آتے ہی صارفین نے اس کو شیئر اور تبصروں کا سلسلہ شروع کر دیا جن میں سے زیادہ تر باپ بیٹی کی محبت، کام سے لگن اور جذباتی قسم کے جملوں پر مشتمل ہیں، ایم ای بی نے تبصرے میں اپنے جذبات کا اظہار کچھ یوں کیا کہ ’میں ان سے محبت کرتا ہوں اور میں نہیں رو رہا۔
ٹیگا ہینڈل کی جانب سے کمنٹس میں جیکی چن کے آسکرایوارڈ لینے کے بعد تقریر کے چند ٹکڑے بھی شیئر کیے گئے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’میرے والد کہا کرتے تھے کہ تم نے بہت سے ایوارڈز حاصل کیے، آسکر کب جیتو گے؟ اس وقت میں نے اپنے والد کی طرف دیکھا اور ہنستے ہوئے کہا میں صرف مزاحیہ فلمیں بناتا ہوں۔
جیکی چن اور بیٹی کی ویڈیو دیکھنے کے بعد ریکلیس پگسی نے لکھا کہ اس نے میری آنکھیں دُھندلا دی ہیں، چین سے تعلق رکھنے والے جیکی چن کی پیدائش ہانگ کانگ میں 1954 میں ہوئی تھی ان کے والدین ان کی پیدائش سے قبل خانہ جنگی کے باعث وہاں منتقل ہو گئے تھے۔
جیکی چن ہالی وڈ اور کئی ملکوں کی دیگر بے شمار فلموں میں کام کر چکے ہیں وہ کامیڈی کے علاوہ اپنی فلموں کے خطرناک سٹنٹس خود کرنے کے لیے مشہور ہیں۔
