حامد میر پر پابندی سے آگ بجھے گی نہیں بلکہ مزید بھڑکے گی

جیو کی سینئر اینکر پرسن حامد میر پر غیر معینہ مدت کی پابندی کے خلاف مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما مریم نواز نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حامد میر صاحب کے پروگرام پر پابندی لگانا مسئلے کا حل نہیں بلکہ اپنے لیے مزید مشکلات اور مسائل کو جنم دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے آگ بجھے گی نہیں بلکہ مزید بھڑکے گی۔ مگر کون سمجھائے؟

یاد رہے سینئیر اینکر پرسن اور کالم نگار حامد میر کو غیر معینہ مدت کی چُھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق حامد میر ابھی بھی جنگ گروپ سے وابستہ ہیں تاہم محمد جنید کو حامد میر کی جگہ میزبانی کےلیے کراچی سے اسلام آباد بلا لیا گیا ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی حامد میر نے اپنے پیغام میں کہا کہ میرے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ماضی میں بھی مجھ پر دو مرتبہ پابندی عائد کی گئی۔ مجھ پر قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا لیکن میں بچ گیا۔ اس سب کے باوجود بھی آئین میں دئے گئے حقوق کےلیے میں نے آواز اُٹھانا نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ میں نتائج بھگتنے کےلیے تیار ہوں، چوں کہ میرے خاندان کو دھمکایا جا رہا ہے لہٰذا میں اب کسی بھی حد تک جاؤں گا۔
سینئر صحافی حامد میر کہا کہ چینل کی انتظامیہ کی جانب سے انہیں کہا گیا کہ پیر کو وہ آن ائیر نہیں جا رہے۔ ان کے مطابق یہ بات دو تین دن سے چل رہی تھیں۔ ماضی کے برعکس اس بار ان کی بیوی اور بیٹی کو دھمکیاں ملی ہیں جب کہ ان کے بھائی کو ایف آئی اے نے کسی پرانے کیس میں طلب کیا ہے۔ حامد میر نے بتایا ہے کہ انتظامیہ نے مجھے کہا کہ میں پریس کلب کے سامنے تقریر کی وضاحت یا تردید کروں، میں نے ان سے پوچھا یہ آپ سے کون کہہ رہا ہے۔ میں نے ان سے کہا کہ اگر وہ اسد طور پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کر لیتے ہیں تو میں وضاحت چھوڑیں، معافی مانگنے کو بھی تیار ہوں۔

Back to top button