حدیقہ کیانی نے سوشل میڈیا سے کیوں دوری اختیار کرلی؟


معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنی علیل والدہ کی دیکھ بھال کے لیے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی ہے۔ حدیقہ کیانی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کردہ سٹوری میں یہ اعلان ان کی ٹیم کی جانب سے سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ مقبول شاعرہ خاور کیانی کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے حدیقہ کیانی نے سوشل میڈیا سے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ والدہ کی صحت پر توجہ دینے کے لیے وہ سوشل میڈیا کو عارضی طور پر خیر باد کہہ رہی ہیں۔ حدیقہ کی والدہ کی صحتیابی کے لیے دعاؤں پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا گیا اور کہا گیا کہ اس دوران حدیقہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ان کی ٹیم سنبھالے گی اور ‘دوبارہ ‘ ڈرامے سمیت ان کے آنے والے میوزک سے متعلق پہلے سے طے شدہ مواد شیئر کرے گی۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے حدیقہ کیانی نے انسٹا گرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے اپنی والدہ کے حوالے سے لکھا تھا کہ دعاؤں میں طاقت ہوتی ہے اور میری والدہ کو آپ کی دعاؤں کی بہت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میری والدہ کے سکون، خوشی، ہمت اور صحت کے لیے دعا کریں۔

تاہم حدیقہ نے اپنے انسٹا گرام پیغام میں یہ واضح نہیں کیا تھا کہ ان کی والدہ کو کیا ہوا ہے۔ لیکن پتہ چلا ہے کہ ان کی والدہ کچھ عرصے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کے باعث کمزوری اور نقاہت کا شکار ہیں اور بعض تصاویر میں انہیں وہیل چیئر پر بھی دیکھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ حدیقہ کی والدہ خاور کیانی ایک سرکاری سکول کی پرنسپل رہی ہیں اور وہ ایک معروف شاعرہ بھی ہیں۔

کہا جاتا کہ یہ ہے کہ حدیقہ کی اپنی والدہ کے ساتھ بہت زیادہ قربت ہے جو کہ ہمیشہ سے ان کے ساتھ ہی رہی ہیں۔ حدیقہ کیانی نے چند ماہ قبل ڈرامہ سیریل ‘رقیب سے’ سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا اور ان کا ڈرامہ بے حد مقبول ہوا تھا۔ ان دنوں وہ بلال عباس کے ساتھ ڈرام ‘دوبارہ ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو جلد نشر ہوگا۔بلال عباس خان اور حدیقہ کیانی کا یہ ڈراما مومنہ درید پروڈکشنز کے بینر تلے بنایا جا رہا ہے جو نجی چینل ہم ٹی وی سے نشر ہوگا۔ اس کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور اب حدیقہ اپنی والدہ کی صحت پر توجہ دے رہی ہیں۔

Back to top button