حدیقہ کیانی کا گلوکاری کے بعد اب اداکاری کرنے کا فیصلہ

معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے گائیکی کے میدان میں فتح کے جھنڈے گاڑنے کے بعد اب اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے اور بہت جلد وہ ڈرامہ سیریل ’رقیب سے‘ میں نظر آئیں گی۔ حدیقہ کیانی کا کہنا ہے کہ ایک گلوکارہ کے طور پر میرا کردار مضبوط، بے خوف اور بے باک رہا ہے. تاہم میرے آنے والے ڈرامے میں سکینہ کا کردار اس کے برعکس ہوگا۔ یاد رہے کہ ستمبر 2020 میں اداکارہ فریال محمود نے انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ جلد ہی گلوکارہ حدیقہ کیانی اداکاری بھی کرتی دکھائی دیں گی۔
حدیقہ کیانی نے اپنی اداکاری کے ڈیبیو کے حوالے سے بتایا کہ وہ، ہم ٹی وی کےلیے بنائے جانے والے ڈرامے ‘رقیب سے’ میں سکینہ نامی خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ انہوں نے شوٹنگ کے دوران کچھوائی گئی کچھ تصاویر بھی سوشل۔میڈیا پر شیئر کیں، جن میں انہیں ایک منفرد روپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ حدیقہ کیانی نے اداکاری کے آغاز کو اپنے لیے ایک نیا تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداکاری اور گلوکاری دو مختلف شعبے ہیں۔ دراصل اداکاری سے میں اپنی ذات کو تلاش کر رہی ہوں اور سکینہ کا کردار ادا کرنے سے مجھے محسوس ہوا کہ ایک سکینہ کئی برسوں سے میرے اندر موجود تھی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ساتھی اداکاروں سے انہیں سیکھنے کو بہت کچھ مل رہا ہے اور خاص طور پر نعمان اعجاز اور ثانیہ سعید نے انہیں قیمتی مشورے بھی دیے، جن سے ان کی اداکاری بہتر ہوئی۔
حدیقہ کیانی نے بتایا کہ نعمان اعجاز نے انہیں دوران شوٹنگ یہ قیمتی مشورہ دیا کہ ایکٹنگ کے وقت وہ اپنی شخصیت، خیالات اور حقیقی زندگی کو بھلا کر ڈرامے کے کردار میں ڈھل جایا کریں، اور صرف یہ سوچیں کہ ان کی ذات وہی ہے جس کا وہ کردار کر رہی ہیں۔
حدیقہ نے بتایا کہ نعمان اعجاز کے مشورے سے انہیں اداکاری کرنے میں آسانی ہوئی اور وہ اپنی ڈیبیو پرفارمنس کے لیے پر اُمید ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گلوکاری کرنا اور اسٹیج پر بطور گلوکارہ پرفارم کرنا ذاتی کام ہوتا ہے جب کہ اداکاری میں پوری ٹیم کی محنت شامل ہوتی ہے اور اسی کیے انہیں ‘رقیب سے’ کی شوٹنگ کے دوران احساس ہوا کہ وہ ایک نئے خاندان کے ساتھ ہیں۔ حدیقہ کیانی نے بتایا کہ ‘رقیب سے’ کا ٹائٹل گانا بھی انہوں نے ہی گایا ہے، جس کی شاعری ان کی والدہ خاور کیانی نے لکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈرامے میں سکینہ نامی ایک خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی اور انہیں اس کردار کی وجہ سے سیکھنے اور سمجھنے کو بہت کچھ ملا۔
یاد رہے کہ ڈرامے میں حدیقہ کیانی کے علاوہ نعمان اعجاز، ثانیہ سعید، اقرا عزیز اور فریال مخدوم سمیت دیگر اداکار شامل ہیں اور اس کی کہانی بی گل نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات کاشف نثار نے دی ہیں۔ ‘رقیب سے’ کو مومنہ درید نے پروڈیوس کیا ہے اور اسے جلد ہی ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا تاہم اسے نشر کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ حدیقہ کیانی کا شمار پاکستان کی کامیاب ترین سنگرز میں ہوتا ہے، حدیقہ کئی ملکی اور عالمی اعزازات حاصل کر چکی ہیں۔ حدیقہ کیانی کو سال 2006 میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ انہوں نے اردو کے علاوہ پنجابی، پشتو اور ترک زبان میں بھی گیت گائے۔
خیال رہے کہ حدیقہ کیانی نے 2005 میں آنے والے زلزلے میں بچ جانے والا ایک بچہ ایدھی فاؤنڈیشن سے گود لیا تھا جس کی وہ پرورش کر رہی ہیں جب کہ انہوں نے برطانیہ کے ایک افغانی تاجر سید فرید سروری سے شادی کی تھی تاہم وہ زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی۔
حدیقہ نے اپنی شادی کے بارے میں بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کےلئے شادی کی اور اْس کی ہی خاطر شوہر سے طلاق بھی لے لی، جس کے بعد انہوں نے دوبارہ شادی نہیں کی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اکتوبر 2005 میں آزاد کشمیر کے خوفناک زلزلے کے دوران انہوں نے ایدھی فاؤنڈیشن سے ایک بچہ گود لیا تھا جس کا نام انہوں نے ’نادعلی‘ رکھا۔ ناد کو باپ کا پیار دینے کےلئے انہوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور ایک برطانوی تاجر سے شادی کرلی۔ لیکن بدقسمتی سے اْن کی توقعات پوری نہیں ہو سکیں، جس کے باعث انہوں نے شوہر سے خلع لے لی۔ آزاد کشمیر کا خوفناک زلزلہ گلوکارہ حدیقہ کیانی کی زندگی میں ایک بہت بڑی تبدیلی لیکر آیا تھا۔ انہوں نے اس زلزلے سے متاثرہ ایک ایسے بچے کو گود لیا جس کا پورا خاندان اس سانحے کی نذر ہوگیا تھا۔ آج حدیقہ کیانی کی زندگی صرف اسی بچے کے گرد گھومتی ہے۔ علی کی پرورش انہوں نے سگی ماں سے بھی بڑھ کر کی ہے اور وہی انکی زندگی کا محور ہے۔
