حماد اظہر نے عمران کی ٹانگ میں شہ رگ کیسے دریافت کی؟

عمران خان کے دور حکومت میں وفاقی وزیر رہنے والے حماد اظہر نے تب نئی تاریخ رقم کر دی جب انہوں نے اپنے کپتان کی ٹانگ میں شاہ رگ دریافت کر لی۔ دور حاضر میں سائنس نے یقینی طور پر بہت ترقی کر لی ہے اور انسان تحقیق و تسخیر کے زینوں کو سلسلہ وار طے کرتا چلا جا رہا ہے تاہم تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے میڈیکل سائنس کی تاریخ کا ایسا کرشمہ کر دکھایا ہے کہ اس پر سائنس کے تمام شعبے انگشت بدنداں ہیں۔ نیادور کے ایگزیکٹو ایڈیٹر اور معروف صحافی مرتضیٰ سولنگی نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر سابق وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ طبی سائنس کا نیا کرشمہ! حماد "ہوئیں گا” کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی شہ رگ اس کی ٹانگ کے اندر ہے۔
ٹویٹر پر شیئر کی گئی 14 سیکنڈ کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حماد اظہر ایک صحافی کو عمران خان کی طبیعت کے حوالے سے تفصیلات بتا رہے ہیں۔ ویڈیو میں حماد اظہر کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ عمران خان بالکل ٹھیک ہیں۔ وہ بال بال بچے ہیں۔ ان کی ٹانگ کی جو شہ رگ ہے، گولی اس سے کچھ سینٹی میٹر دور جا کر رکی ہے۔
یاد رہے کہ شہ رگ گردن کی مرکزی رگ ہوتی ہے جس پر زندگی کا انحصار ہوتا ہے۔ اگر اس رگ کو کاٹ دیا جائے یا اسے کوئی نقصان پہنچ جائے تو انسان کی موت واقع ہو سکتی ہے۔ اسی رگ کو شہ رگ کہا جاتا ہے۔ کشمیر کو بھی اسی وجہ سے پاکستان کی شہ رگ قرار دیا جاتا ہے حالانکہ انڈیا اسے کاٹ چکا ہے۔ دوسری جانب حماد اظہر نے یہ انوکھا انکشاف کیا یے کہ عمران خان کی شہ رگ ان کہ ٹانگ میں ہے۔
