حنا الطاف اور آغا علی کا بھی بچے پیدا کرنے کا فیصلہ

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی اور انکی اداکارہ اہلیہ حنا الطاف نے ایک دوسرے کی تعریفوں کے پل باندھتے  اپنی شادی کو کامیاب ترین قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ بہت جلد پہلا بچہ پیدا کر کے اپنا خاندان مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔  ایک ٹی وی انٹرویو میں حنا الطاف نے آغا علی سے شادی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی سب سے بڑی خوبی انکا بے حد وفادار ہونا ہے اور وفاداری وہ چیز ہے جس پر میں زندگی میں کمپرومائز نہیں کرسکتی۔ حنا الطاف کا کہنا تھا کہ آغا کا اپنی والدہ سے جو تعلق تھا اس نے بھی مجھے خاص طور پر اپنی طرف متوجہ کیا کیوں کہ آغا اپنی فیملی سے زیادہ کسی اور کو اہمیت نہیں دیتے۔

 

دوران شو میزبان احسن خان نے آغا سے بھی یہی سوال کیا کہ انہیں حنا میں کیا چیز اچھی لگتی ہے؟جواب میں آغا کا کہنا تھا کہ حنا نے جو وفاداری کی بات کی یہی چیز حنا میں بھی پائی جاتی ہے، دوسرا یہ کہ حنا اپنے کام اور خاندان دونوں میں توازن رکھنا جانتی ہے، یہ فیملی کو لے کر چلنے والی شخصیت ہے، ان کی میری امی اور بھائی سے بونڈنگ بہت ہی اچھی ہے۔اداکار نے کہا کہ کراچی میں شادی سے قبل میری لائف بہت بکھری ہوئی تھی۔ لاہور میں اگرچہ لائف میں توازن تھا کیوں کہ وہاں والدہ موجود ہیں لیکن حنا نے آکر میری کراچی کی زندگی میں بھی توازن قائم کیا ہے۔ اب میں اپنی زندگی کو مکمل زندگی مانتا ہوں جس سے میں مکمل طور پر مطمئن ہوں۔

 

واضح رہے کہ دونوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں 2019 میں ڈرامہ ‘دل گمشدہ’ کی شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے سے محبت ہوئی اور پھر انہوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔ ایک سوال کے جواب میں آغا علی نے بتایا کہ انہیں حنا الطاف میک اپ کے بغیر اچھی لگتی ہیں جب کہ حنا کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے شوہر کی آنکھیں، بال اور آواز بہت پسند ہے۔ پروگرام کے دوران دونوں نے اعتراف کیا کہ شادی جلد سے جلد کرنے کا دونوں کا متفقہ فیصلہ تھا تاہم سب سے زیادہ جلدی آغا کی والدہ کو تھی۔ ایک اور سوال پر آغا علی نے انکشاف کیا کہ حنا الطاف یومیہ انہیں بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز بھیجتی ہیں اور شاید وہ ایسا کر کے انہیں کچھ پیغام دینا چاہتی ہیں۔آغا علی اور حنا الطاف نے اعتراف کیا کہ بچوں کے ساتھ ہی خاندان مکمل ہوتا ہے اور وہ بھی بہت جلد بچے پیدا کرکے اپنا خاندان مکمل کرلیں گے۔

Back to top button