حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب بھی کرونا وائرس کا شکار

حکومت سندھ کے ترجمان سینیٹر مرتضیٰ وہاب بھی کرونا وائرس کا شکار ہوکر وبا سے متاثر ہونے والے سیاستدانوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
مرتضیٰ وہاب کے ترجمان سکندر بلوچ نے کہا کہ تین روز قبل مرتضیٰ وہاب کے دفتر کے عملے کے متعدد ارکان کے کورونا کے ٹیسٹ ہوئے تھے، جن میں سے چار کے نتائج مثبت آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد مرتضیٰ وہاب کو گلے میں تکلیف کی شکایت ہوئی جس پر انہوں نے ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا۔ترجمان نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کے ٹیسٹ کا نتیجہ آج مثبت آگیا ہے۔سکندر بلوچ نے کہا کہ کورونا کی تصدیق کے بعد مرتضیٰ وہاب نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے، جبکہ ان کے اہلخانہ کے کسی فرد میں وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں متعدد سیاستدان اور اہم شخصیات کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا سمیت کئی سیاسی رہنما انتقال بھی کر چکے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما و وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئیسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد بھی کورونا کا شکار ہونے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔ان کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم و رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی بھی کورونا کے متاثرین میں شامل ہیں۔
اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔اس کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے دو بچوں کے ساتھ ساتھ گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس کا شکار ہو گئے تھے لیکن چند روز قبل یہ دونوں وائرس سے صحتیاب ہو گئے تھے۔
