حکومت کا کل ہی بلدیاتی الیکشن کرانےکا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں کل ہی( 31 دسمبر کو) بلدیاتی اتنخابات کرانے سے متعلق حکم کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

باخبر ذرئع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی حاصل کرنے کے بعد حکومت نے انٹرا کورٹ اپیل کی تیاری شروع کردی ہے جبکہ قویٰ مکان ہے کہ آج ہی انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جائے گی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اسلام آباد میں انٹرا کورٹ اپیل تیار کررہے ہیں جبکہ انٹرا کورٹ اپیل میں مؤقف اختیار کیا جائے گا کہ کل (31 دسمبر) کو انتخابات کروانا ممکن نہیں ہے اور انٹرا کورٹ اپیل آج ہی مقرر کرنے کی استدعا کی جائے گی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکام نے اٹارنی جنرل سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشنر وقاص ملک اور ڈپٹی ڈائریکٹر لا اٹارنی جنرل سے ملاقات کرے گا، ملاقات کے بعد اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کل نہیں کرا سکتے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کریں گے،عدالت کا حکم سر آنکھوں پرلیکن قابل عمل نہیں،اتنی جلد سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں،اسلام آباد میں کل بلدیاتی الیکشن ہونا ممکن نہیں۔

رانا ثنا اللہ نے سوال اٹھایا کہ گزشتہ حکومت نے 2 ڈھائی سال بلدیاتی الیکشن کیوں نہیں کرائے،اگر2 ماہ مزید دیر ہوجائے گی تو کونسا پہاڑ گر جائے گا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ اتنے مختصر وقت میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانا عملی طور پر ممکن نہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔ عملدرآمد کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ اپیل کا آپشن موجود ہے، استعمال کیا جاسکتا ہے، انتخابات کا انعقاد آئینی،جمہوری طریقے سے ہوتا ہے، حکومت نے بھی اجلاس بلا لیا ہے جس میں تمام صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عدالت عالیہ اسلام آباد نےبلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت کا محفوظ فیصلہ سنا دیا، مختصر فیصلے میں جسٹس ارباب محمد طاہر نے حکم دیا الیکشن کمیشن 101 یونین کونسلز میں  31 دسمبر  کویعنی کل ہی الیکشن کرائے۔

Back to top button