خواجہ آصف فوجی اسٹیبلشمنٹ کو انگلی کیوں کروا رہے ہیں؟

مسلم نون کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے مشورہ کے مطابق شہباز شریف کی حکومت جرنیلوں کے احتساب کا فیصلہ کرتی ہے اور اُنہیں پارلیمنٹ میں بلاتی ہے تو اس سے یقینی طور پر حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان تناؤ پیدا ہونے کا خطرہ پیدا ہو جائے گا سوال یہ ھے کہ ایسے کسی تناو کو کیا شہباز حکومت برداشت کر سکتی ہے؟ ۔ اگر گھر جانے کا اتنا شوق ہے تو پھر حکومت لینے اور معیشت کو درست کے وعدے کیوں کیے گئے تھے۔ ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی انصار عباسی نے اپنے ایک کالم میں کیا ھے ۔ وہ لکھتے ہیں کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اعلان کیا ہے کہ وہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کو پارلیمنٹ کے سامنے طلب کرنے اور اُن کا احتساب کرنے کیلئے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا ان سابق جرنیلوں اور عمران خان سے دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے پانچ ہزار افراد اور اُن کے خاندان کے لوگوں کی عمران حکومت کے دوران افغانستان سے پاکستان منتقلی کی وجہ سے پاکستان میں ایک بار پھر دہشتگردی میں اضافے بارے سوال کیا جائے گا۔ ایک ٹی وی ٹاک شو میں اُنہوں نے کہا یہی نہیں بلکہ ان جرنیلوں سے نواز شریف کی حکومت کے خاتمے اور دوسرے معاملات پر بھی جواب طلبی ہونی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا یہ (جرنیل) ہوتے کون ہیں یہ سب کچھ کرنے والے۔ اس پر ٹی وی ٹاک شو اینکر نے وزیر دفاع سے پوچھا کہ ایسا نہ ہو کہ پارلیمنٹ کے سامنے جرنیلوں کو جواب طلبی کیلئے بلانے پر آپ کی حکومت کو ایک بار پھر گھر جانا پڑ جائے، اس پر خواجہ آصف نے کہا کہ ہم پہلے بھی گھر چلے گئے تھے گھر کا راستہ پتا ہے پھرچلے جائیں گے۔ اب دیکھتے ہیں کہ خواجہ آصف کب جرنیلوں کی پارلیمنٹ کے سامنے جوابدہی کیلئے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرتے ہیں۔
انصار عباسی کے مطابق اب اس بارے میں وزیر اعظم، وزرا اور خواجہ سے سوال ہوتے رہیںگے تاکہ جس جواب دہی کی وزیردفاع نے بات کی وہ ممکن ہو سکے۔ اب پتہ نہیں کہ یہ وزیر دفاع خواجہ آصف کا ذاتی فیصلہ ہے یا شہباز حکومت کی پالیسی؟ وجہ جو بھی ہے خواجہ آصف نے ایک ایسا معاملہ اُٹھا دیا ہے جس کا اثر شہباز حکومت پر پڑ سکتا ہے اور اگر پاکستان کی تاریخ کو دیکھا جائے تو ایسا کرنے پر حکومت کی چھٹی بھی ہو سکتی ہے۔ بہتر ہوتا پہلے انتخابی تنازعات کی شکار شہباز حکومت اپنے پاؤں جما لیتی، معیشت کے اہم ترین چیلنج سے نبٹ لیتی، کچھ سیاسی اور معاشی استحکام حاصل کر لیتی تو پھر جرنیلوں کا احتساب کرنے کا کام شروع کرتی۔ لیکن خواجہ محمد آصف تو کافی جلدی میں لگ رہے ہیں۔ اس وقت ملک کو جن مشکلات خصوصاً معاشی مشکلات کا سامناہے اُس کے تناظر میں ایسا اقدام پاکستان اور اس کے نظام کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے؟ انصار عباسی کہتے ہیں کہ لندن سے واپسی سے پہلے میاں نواز شریف بھی جرنیلوں کے احتساب کی بات کرتے تھے لیکن وہ شہباز شریف کے سمجھانے پر خاموش ہو گئے۔ عمومی طور پر یہ تاثر ہے کہ نواز شریف کی واپسی ایک مبینہ ڈیل کا نتیجہ تھی، الیکشن سے قبل اور الیکشن ڈے کو جو کچھ ہوااُس پر بھی بہت باتیں ہو رہی ہیں۔ شہباز شریف حکومت جیسے تیسے بنی اس سے ایک ہی توقع ہے کہ وہ پاکستان کی معیشت کو جنگی بنیادوں پر کام کرتے ہوے، بڑے بڑے فیصلے لے کر درست کرے ۔ جب معیشت کو ٹھیک کر لیا تو پھر جرنیلوں کا احتساب بھی ضرور کر لیجیے گا۔ وزیر دفاع کایہ کہنا کہ ہمیں گھر جانا پڑا تو ہم گھر چلے جائیں گے ہمیں گھر کا رستہ پتا ہے، اُس سنجیدگی کو ظاہر نہیں کرتا جس کی شہباز حکومت سے توقع ہے۔ اگر گھر جانے کا اتنا شوق ہے تو پھر حکومت لینے اور معیشت کو درست کرنے کی ترجیح کے وعدے کیوں کیے تھے۔ اس بات کی اتنی اہمیت نہیں کہ ن لیگ کی حکومت رہتی ہے یا نہیں، شہباز شریف وزیر اعظم رہتے ہیں یا نہیں۔ اہم اور سمجھنے کی بات یہ ہے کہ حکومت جس کی بھی ہو پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز سے نکالنا سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
