دفاعی معاہدے کے تحت ترکیہ، سعودیہ اور پاکستان مشترکہ فوجی مشقیں کریں گے: ترک وزارت دفاع

ترکیہ کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ7 اگست کو طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک مشترکہ فوجی، بحری اور فضائی مشقیں کریں گے، جب کہ دفاعی صنعتی شعبے میں تعاون کو بھی وسعت دی جائے گی۔
ترکیہ کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا مقصد تینوں ممالک کے دفاعی اور فوجی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستقل بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔
مکہ دفاعی معاہدے سے سب سے زیادہ فائدہ کون اٹھائے گا؟
وزارت دفاع کے مطابق معاہدے کے تحت سینئر وزرا پر مشتمل ایک گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا،جب کہ دفاعی اور فوجی تعاون کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کےلیے مختلف ادارہ جاتی میکنزم قائم کیے جائیں گے۔
ترک وزارت دفاع نے مزید کہاکہ سٹریٹیجک،سیاسی اور فوجی رابطوں کےلیے ایک میکانزم پلان بھی تشکیل دیا جائے گا،جس میں وزرائے دفاع،وزرائے خارجہ اور چیفس آف جنرل سٹاف شامل ہوں گے۔اس نئے نظام کے تحت پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب اعلیٰ ترین سطح پر باقاعدگی سے رابطے میں رہیں گے،جس سے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون کو مزید منظم اور دیرپا بنیادیں فراہم ہوں گی۔
