دنیا میں چرس کا استعمال، کراچی دوسرے نمبر پر آگیا

پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی دنیا میں سب سے زیادہ چرس استعمال کرنے والے شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ اس فہرست میں امریکہ کا شہر نیو یارک پہلے نمبر پر ہے۔اگر سگریٹ کی طرح چرس پر بھی ٹیکس نافذ کیا جائے تو پاکستان سالانہ ساڑھے 13 کروڑ ڈالرز سے زائدرقم کما سکتا ہے۔
بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق جرمن کمپنی اے بی سی ڈی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ نیو یارک میں سالانہ 77 ٹن سے زائد چرس استعمال کی جاتی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر موجود کراچی میں 42ٹن چرس کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 38 ٹن سے زائد چرس پی جاتی ہے۔اے بی سی ڈی دنیا میں چرس کو قانونی حیثیت دلانے کے حوالے سے جاری ایک مہم کا حصہ ہے۔کینابس درحقیقت پودوں کی ایک قسم ہے جسے دنیا کے مختلف علاقوں میں مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔ امریکہ میں اس کے پتوں کو جلا کر پھونکا جاتا ہے جبکہ برِصغیر میں اس کے پتوں سے چرس بنا کر استعمال کی جاتی ہے۔اس تحقیقی رپورٹ میں چرس استعمال کرنے والے دس بڑے شہروں کے نام شامل ہیں۔ ان شہروں میں کراچی، مصر کا دارالحکومت قاہرہ اور برطانیہ کا دارالحکومت لندن وہ شہر ہیں جہاں چرس کا استعمال مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔دوسری جانب نیویارک، نئی دہلی، ممبئی، شکاگو، ماسکو اور کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں اس کے استعمال کی جزوی طور اجازت ہے۔ اس فہرست میں صرف ایک شہر لاس اینجلس ایسا ہے جہاں چرس کا استعمال مکمل طور پر قانونی حیثیت رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر پاکستان صرف اپنے مقبول برانڈز کے سگریٹ پر نافذ ٹیکس کی شرح سے چرس پر بھی ٹیکس نافذ کر دے تو اس کو سالانہ ساڑھے 13 کروڑ ڈالرز سے زائد آمدن ہو سکتی ہے۔ اگر یہ ٹیکس امریکہ میں چرس پر نافذ ٹیکس کے تناسب سے لگایا جائے تو پاکستان تقریباً چار کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی آمدن حاصل کر سکتا ہے۔ رواں سال اقوام متحدہ کے منشیات کی روک تھام کے ادارے کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گانجا دنیا میں کاشت کی جانے والی سب سے بڑی منشیات ہے اور اس کے علاوہ کوک کی کاشت میں اضافہ ہو رہا ہے۔افغانستان اور میانمار کے بعد افیون کی سب سے زیادہ کاشت میکسکو میں کی جاتی ہے۔ یہ تینوں ممالک دنیا میں منشیات کی منڈی میں استعمال ہونے والی 96 فیصد افیون پیدا کرتے ہیں۔پاکستان دنیا میں منشیات کی غیر قانونی ترسیل کا ایک اہم روٹ ہے جہاں سب سے زیادہ ہیروئین اور گانجا پکڑا گیا ہے ۔سپین کے بعد پاکستان اور مراکش ایسے ممالک ہیں جہاں سب سے زیادہ گانجا پکڑا گیا۔ اسی طرح سب سے زیادہ ہیروئین افغانستان اور اس کے بعد پاکستان اور ایران سے قبضے میں لی گئی جو دونوں افغانستان کے پڑوسی ممالک ہیں۔عالمی رپورٹ کے مطابق دنیا میں نشے کے شکار افراد کی تعداد تین کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ 2017 میں منشیات کے استعمال نے 5 لاکھ 85ہزار کو موت کے منہ میں دھکیل دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button