دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں پاکستان کا نمبر کیا ہے؟

2024 کی دوسری ششماہی کےلیے دنیا بھر کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کردی گئی ہے ، اس فہرست میں پاکستان ایک بار پھر نچلے نمبروں پر موجود ہے۔ فہرست میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا دنیا کا چوتھا ملک قرار پایا ہے
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جولائی سے دسمبر 2024 کےلیے جاری کردہ فہرست میں سنگاپور کے پاسپورٹ کو طاقتور ترین قراردیا گیا ہے۔ سنگاپور کے پاسپورٹ کے حامل افراد 195 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔ جرمنی، اٹلی، فرانس، جاپان اور اسپین کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں جن کے حامل افراد کو 194 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔ جنوبی کوریا، آسٹریا، آئرلینڈ، لگسمبرگ، فن لینڈ، سویڈن اور نیدرلینڈز کے پاسپورٹس 193 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ جب کہ بیلجیئم اور برطانیہ کے حصے میں چوتھا نمبر آیا اور ان ممالک کے پاسپورٹس سے 192 ممالک میں ویزا فری رسائی مل سکتی ہے۔ 191 ممالک میں ویزا فری داخلے کے ساتھ سوئٹزر لینڈ، ناروےاور پرتگال کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر 5 ویں نمبر پر رہے۔
جب کہ پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا دنیا کا چوتھا ملک قرار پایا ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ 104 نمبر پر آیا اور اس پر 34 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے۔ پاکستان سے نیچے عراق (105)، شام (106) اور افغانستان (107) رہے۔
